سولجر بازار میں گیس سلنڈر دھماکے میں 13 افراد ہلاک، 12 زخمی

0
26
سولجر بازار میں گیس سلنڈر دھماکے میں 13 افراد ہلاک، 12 زخمی

کراچی کے علاقے سولجر بازار، گل رانا کالونی میں ایک رہائشی عمارت میں گیس سلنڈر کے دھماکے کے نتیجے میں اب تک 13 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 12 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ عمارت کی چھت گر گئی اور کئی افراد ملبے تلے دب گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ عمارت تین منزلہ تھی اور ہر منزل پر صرف ایک کمرہ موجود تھا۔ دھماکے کے بعد عمارت کا بڑا حصہ زمین بوس ہو گیا، جس کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ تنگ گلیوں کی وجہ سے بھاری مشینری بھی فوری طور پر پہنچانا مشکل ثابت ہوا، تاہم ریسکیو ٹیمیں مسلسل امدادی کام کر رہی ہیں۔
اب تک ملبے سے 13 لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جن میں ایک خاتون اور 10 سالہ بچی نازیہ بھی شامل ہے۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ریسکیو ٹیموں نے ملبے سے ایک اور بچی کو زندہ نکالنے میں کامیابی حاصل کی اور اسے فوری علاج فراہم کیا گیا۔
ڈی جی ریسکیو 1122 بریگیڈیئر واجد نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا عمارت کی پہلی منزل پر ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کی وجہ گیس سلنڈر یا کسی گیس سے متعلق مشین ہو سکتی ہے، تاہم حتمی وجوہات تحقیقات کے بعد معلوم ہوں گی۔
بریگیڈیئر واجد نے مزید بتایا کہ امدادی ٹیمیں خصوصی آلات کی مدد سے لوہے کے ڈھانچے کو کاٹ کر ملبہ ہٹا رہی ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ زندہ فرد کو نقصان نہ پہنچے۔
مقامی لوگوں کے مطابق دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس اور دیگر ادارے بھی موقع پر موجود ہیں اور ملبے کو ہٹانے تک امدادی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Leave a reply