
کراچی: سندھ محکمہ تعلیم نے صوبے کے تمام نجی اسکولوں میں فائر سیفٹی کے اقدامات کو لازمی قرار دیتے ہوئے نئی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ہدایت کے مطابق، نجی تعلیمی اداروں میں فائر الارم، اسموک ڈیٹیکٹر اور فائر ایکسٹنگوئشر نصب کرنا لازمی ہوگا۔ اسکولوں کے ہنگامی راستے اور سیڑھیاں کھلی اور واضح رکھنا ضروری ہے جبکہ برقی نظام کا باقاعدہ معائنہ بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
مزید براں، اسکولوں میں ہنگامی اخراج کے منصوبے نمایاں مقامات پر آویزاں کرنے اور سال میں کم از کم دو مرتبہ فائر ڈرلز کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اساتذہ اور عملے کو بھی فائر سیفٹی کی تربیت دینا لازمی ہے۔
خصوصی طلبہ کے لیے اضافی حفاظتی انتظامات اور اسکول کے اسمبلی پوائنٹ کے تعین کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ تعلیم سندھ نے خبردار کیا ہے کہ ہدایات پر عمل نہ کرنے والے اسکولوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ یہ اقدامات کراچی کے گل پلازہ سانحے کے بعد صوبائی حکومت کی جانب سے کیے جانے والے حفاظتی اقدامات کا حصہ ہیں۔









