سائنسدانوں نے انٹارکٹیکا کے برفانی تہہ کے نیچے چھپی دنیا کا نقشہ تیار کر لیا

0
96
سائنسدانوں نے انٹارکٹیکا کے برفانی تہہ کے نیچے چھپی دنیا کا نقشہ تیار کر لیا

سائنسدانوں نے انٹارکٹیکا کی موٹی برفانی تہہ کے نیچے موجود خطے کی تفصیلات سامنے لانے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔
تحقیق کے مطابق، برف کی تہہ تقریباً 14 کلومیٹر موٹی ہے اور اس کے نیچے موجود زمین کی سطح کا مطالعہ پہلے بہت مشکل تھا۔ جدید سیٹلائٹ ڈیٹا اور جدید میپنگ تکنیکوں کی مدد سے اب سائنسدانوں نے اس برفانی براعظم کے چھپے ہوئے جغرافیے کا سب سے تفصیلی نقشہ تیار کر لیا ہے۔
نقشے سے معلوم ہوا ہے کہ برف کے نیچے ہزاروں پہاڑ، وادیاں، پہاڑی سلسلے اور گہری کھائیاں موجود ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ معلومات انٹارکٹیکا کی برفانی سطح کے رویے کو سمجھنے میں مددگار ثابت ہوں گی، خاص طور پر موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر برف کے پگھلنے کے عمل کے تجزیے میں۔
ایڈنبرگ یونیورسٹی کے اسکول آف جیو سائنسز کے محققین نے اس تحقیق پر کام کیا اور پہلی بار “آئس فلو پرٹربیشن اینالائسز” نامی میپنگ تکنیک کے ذریعے برف کے نیچے کے خطے کا جائزہ لیا۔ یہ تکنیک سیٹلائٹ ڈیٹا کے ساتھ ملا کر استعمال کی گئی۔
تحقیق کے سربراہان کے مطابق اس طریقہ کار نے انٹارکٹیکا کے چھپے ہوئے جغرافیے کے بارے میں نئی بصیرت فراہم کی ہے۔ یہ نتائج معروف سائنسی جرنل میں شائع ہو چکے ہیں۔

Leave a reply