
اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ آئین ایک وعدہ ہے اور اگر اسے توڑا گیا تو ملک میں تعلقات متاثر ہوں گے۔
جامشورو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے بانی پی ٹی آئی کی ملاقاتوں پر پابندی کو غیرانسانی قرار دیا اور کہا کہ حکمرانی میں تمام قوموں اور زبانوں کا احترام ضروری ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ خارجہ پالیسی پر پارلیمنٹ فیصلہ کرے اور خطے کی صورتحال پر گول میز کانفرنس بلائی جائے۔
اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ کھوٹے سکوں کو ختم کرنے کے لیے تحریک چلانا ضروری ہے۔ نظام اچھا ہے لیکن اسے صحیح طریقے سے نہیں چلایا جا رہا، اور اگر نیت صاف ہو تو ملک کی قیادت میں سب قوموں کو حصہ دیا جا سکتا ہے۔
حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تین روزہ گول میز کانفرنس میں سب کی بات سن کر ملک کو بہتر طریقے سے چلایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ سیاست میں کسی کو گالی نہیں دی جائے گی اور نواز شریف و آصف زرداری کے ساتھ ان کا صرف چند کپ چائے تک تعلق ہے۔









