وانا: ممتاز دینی رہنما مولانا سلطان دھماکے میں شہید

0
85
وانا: ممتاز دینی رہنما مولانا سلطان دھماکے میں شہید

وزیرستان کے علاقے وانا میں گزشتہ روز ہونے والے دھماکے میں زخمی ہونے والے معروف عالمِ دین اور جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے رہنما مولانا سلطان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق وہ آخری لمحات ڈیرہ اسماعیل خان کے مفتی محمود اسپتال میں گزار رہے تھے۔
پولیس کے مطابق دھماکہ وانا کے علاقے کونڑا چینہ میں مدرسے کے قریب پیش آیا۔ مولانا سلطان اس وقت مدرسے سے گھر جا رہے تھے کہ اچانک دھماکے کی زد میں آ گئے۔ شدید زخمی ہونے کے بعد انہیں فوری طور پر ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کیا گیا، لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔
مولانا سلطان جے یو آئی وزیرستان کے رہنما اور وفاق المدارس وزیرستان کے ذمہ دار بھی تھے، اور دینی حلقوں میں ایک ممتاز شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے۔
جے یو آئی پاکستان کے امیر مولانا فضل الرحمان نے مولانا سلطان کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل دے۔
انہوں نے واقعے کی فوری تحقیقات اور ذمہ داروں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی انتہائی تشویشناک ہے، اور ریاست شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام نظر آ رہی ہے۔

Leave a reply