کائنات میں انوکھا انکشاف! سائنسدانوں کو سبز رنگ کا ستارہ مل گیا

0
1
کائنات میں انوکھا انکشاف! سائنسدانوں کو سبز رنگ کا ستارہ مل گیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ماہرین فلکیات نے سفید بونے ستاروں کے رنگوں سے متعلق ایک دلچسپ انکشاف کیا ہے، جس کے مطابق بعض ستارے انسانی آنکھ کو سبز، گلابی، جامنی اور پیلے رنگوں میں دکھائی دے سکتے ہیں۔
یونیورسٹی آف واروک سے وابستہ محققین کی تحقیق میں 151 سفید بونے ستاروں کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا۔ ان معلومات کو انسانی آنکھ کی رنگوں کو محسوس کرنے کی صلاحیت کے مطابق جانچنے پر معلوم ہوا کہ 146 ستارے معمول کے مطابق سفید دکھائی دیتے ہیں، جبکہ پانچ ستاروں میں غیرمعمولی رنگوں کی جھلک سامنے آئی۔
تحقیق کے مطابق ان میں WD J1330+6435 نامی ستارہ سبز رنگ میں دکھائی دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ WDJ0902+2010 سفید سے گلابی رنگ میں تبدیل ہوتا ہوا محسوس ہوسکتا ہے۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ستاروں کی ظاہری رنگت ان کے درجہ حرارت سمیت مختلف عوامل سے متاثر ہوتی ہے۔ ان مخصوص ستاروں کے رنگوں میں تبدیلی کا تعلق ان کے ماحول اور روشنی کے مشاہدے سے بھی ہوسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ دریافت ستاروں کی خصوصیات کو سمجھنے کے لیے اہم ہے، تاہم ان رنگوں کو زمین سے نظر آنے والی مستقل تبدیلی نہیں سمجھنا چاہیے۔ تحقیق سے سفید بونے ستاروں کے بارے میں مزید سائنسی سوالات بھی سامنے آئے ہیں۔

Leave a reply