نسلی مذاق مہنگا پڑ گیا، مس فن لینڈ اعزاز سے محروم

0
120
نسلی مذاق مہنگا پڑ گیا، مس فن لینڈ اعزاز سے محروم

سوشل میڈیا پر مبینہ نسل پرستانہ انداز میں کی گئی ایک پوسٹ کے بعد مس فن لینڈ کا اعزاز واپس لے لیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فن لینڈ کی نمائندگی کرنے والی 22 سالہ سارہ دزافسے، جنہوں نے گزشتہ ماہ تھائی لینڈ میں ہونے والے مس یونیورس مقابلے میں شرکت کی تھی، ایک متنازع تصویر کے باعث شدید تنقید کی زد میں آ گئیں۔

سارہ نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ آنکھوں کو ہاتھوں سے کھینچتی دکھائی دے رہی تھیں، جبکہ تصویر کے ساتھ دیا گیا جملہ ایشیائی افراد خصوصاً چینی شہریوں کا مذاق اڑانے کے مترادف سمجھا گیا۔

یہ پوسٹ سامنے آتے ہی جاپان، چین اور جنوبی کوریا سمیت کئی ممالک میں عوامی سطح پر شدید ردِعمل دیکھنے میں آیا۔ صارفین نے اسے نسل پرستانہ رویہ قرار دیا اور سخت احتجاج کیا۔

اگرچہ سارہ نے بعد ازاں اپنے عمل پر معذرت بھی کی، تاہم مس فن لینڈ کی انتظامیہ نے اس وضاحت کو ناکافی قرار دیتے ہوئے ان سے تاج اور خطاب واپس لینے کا فیصلہ کیا۔

فن لینڈ کے وزیر اعظم نے بھی اس واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک غیر ذمہ دارانہ حرکت تھی جس سے ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچا۔

مس فن لینڈ کی تنظیمی کمیٹی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ نسل پرستی یا امتیازی رویے کی کسی بھی صورت میں کوئی گنجائش نہیں، اور ایسے طرزِ عمل کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

Leave a reply