لاہور میں بسنت کے انعقاد کے لیے پتنگ اور ڈور سازوں کی رجسٹریشن فیس مقرر

0
89
لاہور میں بسنت کے انعقاد کے لیے پتنگ اور ڈور سازوں کی رجسٹریشن فیس مقرر

لاہور میں بسنت کے انعقاد کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ نے پتنگ اور ڈور کی تیاری سے وابستہ افراد کے لیے رجسٹریشن فیس اور ضوابط کا اعلان کر دیا ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے 6 سے 8 فروری تک بسنت منانے کی مشروط اجازت دی گئی ہے، جس کے بعد انتظامیہ نے متعلقہ شعبوں کے لیے قواعد و شرائط واضح کر دی ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق پتنگ سازوں اور ڈور تیار کرنے والوں کے لیے رجسٹریشن لازمی ہوگی، جس کی فیس ایک ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز کو پانچ ہزار روپے رجسٹریشن فیس ادا کرنا ہوگی۔

رجسٹریشن کے عمل میں پتنگ اور ڈور بنانے والوں کو فارم اے جمع کروانا ہوگا، جبکہ کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز فارم سی کے ذریعے اندراج کرائیں گی۔

بسنت کے دوران پتنگ اور ڈور کے سائز اور معیار پر سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ قواعد کے تحت پتنگ کا زیادہ سے زیادہ سائز چالیس انچ اور گڈے کی چوڑائی تیس انچ تک محدود ہوگی۔

ڈور کی تیاری سے متعلق ہدایات میں واضح کیا گیا ہے کہ ڈور صرف کاٹن کے دھاگے سے بنائی جائے گی اور اس میں نو سے زیادہ تاریں استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مانجے کی تیاری میں گلو، سادہ رنگ، آٹا اور کمزور شیشے کے استعمال کی اجازت دی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد بسنت کے دوران شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے، جبکہ مقررہ ضوابط کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Leave a reply