بھارت نے روسی شہریوں کے لیے مفت ای ٹورسٹ ویزا کا اعلان کردیا

نئی دہلی میں ہونے والے بھارت۔روس سالانہ سربراہی اجلاس کے دوران بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے روسی شہریوں کے لیے 30 روزہ مفت ای ٹورسٹ ویزا متعارف کرانے کا اعلان کیا۔ اجلاس میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بھی شرکت کی۔
مشترکہ پریس کانفرنس میں مودی کا کہنا تھا کہ روسی سیاحوں کے لیے جلد ہی 30 دن کا مفت ای ٹورسٹ ویزا اور 30 دن کا گروپ ٹورسٹ ویزا جاری کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد دونوں ممالک کے عوامی رابطوں اور سیاحت کو فروغ دینا ہے۔
دورۂ بھارت کے دوران صدر پیوٹن اور وزیراعظم مودی نے دفاع اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی۔ بھارت نے روس سے مزید ایس-400 میزائل سسٹم حاصل کرنے اور اپنے روسی ساختہ ایس یو-30 لڑاکا طیاروں کی اپ گریڈیشن میں دلچسپی ظاہر کی۔
دونوں ممالک کے درمیان تجارت اس وقت تقریباً 68 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے، جبکہ بھارت کا ہدف ہے کہ اسے 2030 تک 100 ارب ڈالر تک بڑھایا جائے۔









