
اسلام آباد: حکام نے اڈیالہ جیل کی مجموعی سکیورٹی کو مضبوط بنانے کے لیے اس کے ارد گرد کے تمام علاقوں کو ہنگامی بنیادوں پر ریڈ زون میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آج اس ریڈ زون کی حدود حتمی طور پر طے کی جائیں گی، جس کے بعد داخلی راستوں سمیت پورے علاقے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تربیت یافتہ اہلکار بڑی تعداد میں تعینات کیے جائیں گے۔
اطلاعات کے مطابق اڈیالہ جیل میں اس وقت ساڑھے سات ہزار سے زائد قیدی موجود ہیں، اور وہاں صرف پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان ہی وہ شخصیت نہیں جن کے تحفظ کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے جارہے ہیں بلکہ کئی دیگر قیدیوں کی سکیورٹی بھی خصوصی توجہ کا تقاضا کرتی ہے۔
گزشتہ روز وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں خبردار کیا کہ جیل پر حملے یا توڑ پھوڑ کی کسی بھی کوشش پر ریاست کی جانب سے سخت اور فوری ردِعمل دیا جائے گا۔








