
وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت نے آن لائن ڈرائیونگ ٹیکسی کمپنیوں یانگو اور ان ڈرائیو کو طلب کر کے ہدایت دی ہے کہ وہ ورک پلیس ہراسمنٹ ایکٹ 2010 کے تحت اپنی تعمیل کے مکمل ثبوت فراہم کریں۔
یہ کارروائی متعدد شکایات کے بعد کی گئی ہے، جن میں ڈرائیورز پر مسافروں کے ساتھ جنسی ہراسمنٹ اور غیر محفوظ رویے کے الزامات شامل ہیں۔ شکایت گزاروں نے بتایا کہ بعض ڈرائیورز نے نامناسب رویہ اختیار کیا، جنسی پیش قدمی کی، مقررہ راستوں سے ہٹ کر سفر کیا، اور زبانی ہراسمنٹ اور حفاظتی قوانین کی خلاف ورزیاں کیں۔
وفاقی محتسب نے کمپنیوں سے ہدایت کی ہے کہ وہ قانونی انکوائری کمیٹی، ہراسمنٹ شکایات کے داخلی پروٹوکول، کوڈ آف کنڈکٹ، مسافروں کی حفاظت کے نظام، اور گزشتہ تین سال کی ہراسمنٹ شکایات کے مکمل ریکارڈ فراہم کریں۔
یانگو نے اپنی صفر رواداری پالیسی کا اعادہ کرتے ہوئے 24/7 کسٹمر سپورٹ، ڈرائیور تصدیق، سیلفی چیک اور قصوروار ڈرائیورز کے لیے مستقل پابندیوں کا ذکر کیا۔ ان ڈرائیو نے اکاؤنٹ معطلی، GPS ٹریکنگ، غیر معمولی راستوں کی خودکار نشاندہی اور ایمرجنسی سپورٹ کے اقدامات واضح کیے۔
دونوں کمپنیوں نے مسافروں کی حفاظت اور قانونی تقاضوں کی مکمل تعمیل کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔







