لاہور میں اسموگ کے باعث اسکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی

لاہور میں بڑھتی ہوئی اسموگ کے پیش نظر اسکولوں کے اوقات کار میں رد و بدل کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے مطابق اب تعلیمی ادارے صبح 8 بج کر 45 منٹ پر کھلیں گے جبکہ ڈیڑھ بجے چھٹی ہوگی۔
یہ فیصلہ شہریوں، خصوصاً بچوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر میں سرکاری اسکولوں کے لیے بھی یہی اوقات نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب صوبائی وزیر برائے ماحولیات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت اسموگ میں کمی کے لیے جدید اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق صوبے میں 41 ایئر کوالٹی مانیٹرز نصب کیے جا چکے ہیں، جبکہ اے آئی بیسڈ فورکاسٹنگ سسٹم کے ذریعے فضائی آلودگی کی بروقت پیشگوئی اور کنٹرول ممکن بنایا جا رہا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اسموگ گن کے استعمال سے فضائی آلودگی میں واضح کمی دیکھی جا رہی ہے، اور رواں سال کی صورتحال گزشتہ سال کے مقابلے میں بہتر ہے۔
یہ اقدامات حکومت پنجاب کی جانب سے شہریوں کو صاف فضا فراہم کرنے اور صحت کے مسائل سے بچانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔








