نئی دہلی میں ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے دوران آوارہ کتوں کا حملہ، غیر ملکی کوچز زخمی

0
136
نئی دہلی میں ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے دوران آوارہ کتوں کا حملہ، غیر ملکی کوچز زخمی

نئی دہلی کے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں جاری ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے دوران آوارہ کتوں کے حملوں نے سیکیورٹی کے انتظامات پر سوالیہ نشان لگا دیے ہیں۔ مختلف اطلاعات کے مطابق حالیہ دنوں میں کتوں کے متعدد حملوں کے واقعات پیش آئے ہیں، جن میں تازہ ترین واقعہ دو غیر ملکی کوچز کے زخمی ہونے کا ہے۔

کینیا کے کوچ ڈینیس موانزو اور جاپان کے اسسٹنٹ کوچ میکو اوتوماستو کو الگ الگ واقعات میں آوارہ کتوں نے کاٹ لیا، جس کے بعد انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق کینیا کے کوچ کی ٹانگ سے خاصی مقدار میں خون بہا۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اسٹیڈیم میں آوارہ کتوں کے حملے کا پانچواں واقعہ ہے۔ اس سے قبل ایک سکیورٹی اہلکار اور دو عام شہری بھی ان حملوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ صرف 30 منٹ کے اندر تین مختلف مقامات پر کتوں کے حملے ہوئے، جس نے ایونٹ کی ساکھ اور مہمانوں کی حفاظت پر خدشات پیدا کر دیے ہیں۔

اس واقعے کے بعد ایونٹ کے منتظمین کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی اس حوالے سے غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے اور اعلیٰ سطحی سیکیورٹی اقدامات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے تاکہ آئندہ ایسے ناخوشگوار واقعات سے بچا جا سکے۔

ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں دنیا بھر سے کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں، اور اس قسم کے واقعات نہ صرف کھلاڑیوں بلکہ ایونٹ کی بین الاقوامی ساکھ کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

Leave a reply