
جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی، بجلی کی مہنگی قیمتوں اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دینے کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں مرحلہ وار دھرنوں کا شیڈول بھی جاری کر دیا ہے۔
جماعت اسلامی اسلام آباد کے مطابق غوری ٹاؤن، کراچی کمپنی، جی-7/3، بی-17، پی ڈبلیو ڈی، بہارہ کہو، جھنگی سیداں اور لہتراڑ روڈ پر احتجاجی دھرنے منعقد کیے جائیں گے۔ پارٹی کے مطابق مظاہرے روزانہ شام سے شروع ہو کر رات تک جاری رہیں گے۔
جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران حکومت پر واضح کیا کہ احتجاج ختم کرنے کے بجائے مذاکرات عوام کو معاشی ریلیف دینے اور پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے پر ہوں گے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں اور حکومت کو فوری طور پر مہنگائی پر قابو پانے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے اعلان کیا کہ ملک بھر کے اضلاع میں احتجاجی کیمپ قائم کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق 12 ربیع الاول کے بعد 13 ربیع الاول کو ملک گیر شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی۔
جماعت اسلامی کے امیر نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم نہ کیا تو ملک گیر ہڑتال کے بعد اسلام آباد کی جانب بڑے لانگ مارچ کا مرحلہ بھی شروع کیا جا سکتا ہے۔









