طارق فاروق آزاد کشمیر اسمبلی کے اسپیکر منتخب

مظفرآباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما طارق فاروق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوگئے۔
اسپیکر کے انتخاب کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں طارق فاروق نے 32 ووٹ حاصل کیے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری قاسم مجید کو 14 ووٹ ملے۔
ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں بھی مسلم لیگ (ن) کے امیدوار احمد رضا قادری نے 32 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، جبکہ ان کے مدِمقابل عامر غفار لون کو 14 ووٹ ملے۔
اس سے قبل آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے نومنتخب 46 ارکان نے حلف اٹھایا تھا۔ مخصوص نشستوں پر ہونے والے انتخاب میں مسلم لیگ (ن) نے 6 جبکہ پیپلز پارٹی نے 2 نشستیں حاصل کیں۔
انتخابی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے مجموعی طور پر 31 نشستیں جیتی تھیں، جبکہ پیپلز پارٹی کے حصے میں 14 نشستیں آئیں۔ عوامی دست و بازو کی ایک نشست پر مسلم لیگ (ن) سے اتحاد کے بعد حکمران جماعت کی مجموعی تعداد 32 ہوگئی ہے۔
پونچھ اور سدھنوتی کی نشستوں پر انتخابات تاحال نہ ہونے کے باعث اسمبلی میں 7 ارکان کی عدم موجودگی کے ساتھ حکومت سازی کا عمل آگے بڑھایا جا رہا ہے۔








