عاصم منیر کے دورۂ ایران میں آخر کیا طے پایا؟ تہران نے بڑا اشارہ دے دیا

0
7
عاصم منیر کے دورۂ ایران میں آخر کیا طے پایا؟ تہران نے بڑا اشارہ دے دیا

ایرانی صدارتی دفتر نے پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے حالیہ دورۂ ایران کو انتہائی اہم اور نتیجہ خیز قرار دیا ہے۔
ایرانی صدارتی دفتر کے عہدیدار سید مہدی طباطبائی کے مطابق دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور باہمی تعاون سے متعلق اہم سفارتی پیش رفت ہوئی ہے، جس کے مثبت نتائج آنے والے دنوں میں سامنے آنے کی توقع ہے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورے سے پاکستان اور ایران کے درمیان سفارتی رابطوں میں مزید بہتری اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ تاہم ایرانی صدارتی دفتر نے ملاقاتوں اور مذاکرات کی تفصیلی معلومات جاری نہیں کیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ہمراہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کو مثبت اور نتیجہ خیز قرار دیا ہے۔
محسن نقوی کے مطابق ملاقات میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازع، مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال، آئندہ کے ممکنہ لائحہ عمل اور اسلام آباد ایم او یو کی بحالی سمیت مختلف اہم امور پر گفتگو ہوئی۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ایرانی صدر نے اپنے مؤقف اور تحفظات واضح طور پر بیان کیے، جبکہ دونوں جانب سے متعلقہ معاملات پر تعمیری تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملاقات کے دوران اہم پیش رفت ہوئی اور بات چیت خوشگوار و مثبت ماحول میں مکمل ہوئی۔ ان کے مطابق حالیہ سفارتی کوششیں خطے میں مزید پیش رفت اور دیرپا امن کے لیے معاون ثابت ہوسکتی ہیں۔

Leave a reply