سمیر خان کی بھارت پر جیت، صدر پاکستان کا خراجِ تحسین

تھائی لینڈ میں منعقدہ یوتھ ورلڈ بینٹم ویٹ ٹائٹل مقابلے میں پاکستان کے نوجوان باکسر سمیر خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی باکسر بنٹی سنگھ کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان نے اس کیٹیگری میں عالمی ٹائٹل جیتا ہے۔
اس موقع پر صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے سمیر خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ جیت پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان باکسر کی محنت، عزم اور جذبہ قابلِ تعریف ہے اور اس نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔
فتح کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سمیر خان نے کہا کہ وہ یہ جیت پوری پاکستانی قوم، مسلح افواج اور تمام شہداء کے نام کرتے ہیں۔
سمیر خان کی کامیابی کو کھیلوں کے حلقوں میں اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، اور ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ جیت پاکستان میں باکسنگ کے فروغ کے لیے ایک مثبت قدم ہے۔









