
ہاٹ لائن نیوز : کراچی کے علاقے صدر لکی اسٹار کے قریب بوری میں بند لڑکی کی لاش ملی ہے ، لاش کی شناخت نہیں ہوسکی۔
صدر کے علاقے پیر کریم تالپور روڈ پر لکی اسٹار اقبال آٹوز کے قریب کچرے کے ڈھیر سے لڑکی کی لاش ملی۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر بوری کھولی تو 11-12 سالہ لڑکی کی لاش برآمد ہوئی۔ پولیس نے جاں بحق بچی کو ایمبولینس میں جناح اسپتال منتقل کر دیا۔
پولیس کے مطابق متوفی لڑکی کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی، فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ لگتا ہے کہ موت کہیں اور ہوئی ہے اور لاش کوڑے کے ڈھیر پر پھینکی گئی ہے۔ لڑکی کے چہرے یا جسم پر تشدد کے کوئی نشان نہیں ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وہ جائے وقوعہ سے کیمرے کی فوٹیج حاصل کر رہے ہیں اور جلد ہی اس گاڑی تک پہنچ جائیں گے جہاں سے لڑکی کی لاش پھینکی گئی تھی۔
لڑکی کی لاش کو شناخت کے لیے چھیپا مردہ خانے منتقل کر دیا گیا اور نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل اور اغوا سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔









