عالمی اسنوکر کا تاج پاکستان کے سر، رانا عرفان نے فائنل میں کلین سویپ کردیا

0
10
عالمی اسنوکر کا تاج پاکستان کے سر، رانا عرفان نے فائنل میں کلین سویپ کردیا

پاکستان کے اسنوکر کھلاڑی رانا عرفان نے عمان کے دارالحکومت مسقط میں منعقدہ ورلڈ کپ آف اسنوکر کا فائنل جیت کر عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کردیا۔

فائنل میں رانا عرفان کا مقابلہ ہم وطن اور سابق عالمی چیمپئن محمد آصف سے ہوا، جہاں انہوں نے یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-5 سے کامیابی حاصل کرکے ٹرافی اپنے نام کرلی۔

رانا عرفان نے میچ کے آغاز ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور پانچوں فریمز میں اپنی برتری برقرار رکھی۔ انہوں نے پہلا فریم 46-96 سے جیتا، جبکہ دوسرے فریم میں 48-67 کے اسکور سے کامیابی حاصل کی۔

تیسرے فریم میں رانا عرفان نے 1-61 سے محمد آصف کو زیر کیا۔ چوتھے فریم میں 68 پوائنٹس کا شاندار بریک کھیلتے ہوئے 12-91 سے کامیابی حاصل کی، جبکہ پانچواں فریم 6-69 سے جیت کر فائنل اپنے نام کرلیا۔

ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی مجموعی کارکردگی بھی قابلِ ذکر رہی۔ پاکستان کی جانب سے شریک چاروں کیوئسٹس محمد آصف، رانا عرفان، اسجد اقبال اور مبشر رضا نے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی۔

سیمی فائنل مرحلے میں بھی پاکستان کے تین کھلاڑی جگہ بنانے میں کامیاب رہے، جبکہ رانا عرفان اور محمد آصف نے فائنل میں پہنچ کر یقینی بنایا کہ ورلڈ کپ کی ٹرافی پاکستان ہی آئے گی۔

فائنل میں کامیابی کے ساتھ رانا عرفان نے نہ صرف اہم عالمی اعزاز اپنے نام کیا بلکہ پاکستانی اسنوکر کی برتری بھی ثابت کردی۔

Leave a reply