نیورالنک کو مفلوج افراد کے لیے دماغی امپلانٹ کی اہم کلینیکل آزمائش کی اجازت مل گئی

0
33
نیورالنک کو مفلوج افراد کے لیے دماغی امپلانٹ کی اہم کلینیکل آزمائش کی اجازت مل گئی

ایلون مسک کی کمپنی نیورالنک نے اعلان کیا ہے کہ امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے اسے دماغ میں نصب کیے جانے والے برین کمپیوٹر انٹرفیس کی نئی کلینیکل آزمائش شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

کمپنی کے مطابق ’لنک پائیوٹل اسٹڈی‘ کے نام سے شروع ہونے والی اس تحقیق میں امیوٹروفک لیٹرل اسکلروسس (اے ایل ایس) کے باعث شدید فالج یا جسمانی معذوری کا شکار افراد پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ تحقیق کا مقصد یہ جانچنا ہے کہ آیا یہ ٹیکنالوجی ایسے افراد کو صرف دماغی اشاروں کے ذریعے کمپیوٹر اور دیگر ڈیجیٹل آلات استعمال کرنے کے قابل بنا سکتی ہے۔

نیورالنک کا تیار کردہ این ون امپلانٹ کھوپڑی کے اندر نصب کیا جاتا ہے، جبکہ اس سے منسلک انتہائی باریک الیکٹروڈ دماغ کے اس حصے تک پہنچتے ہیں جو جسمانی حرکات کو کنٹرول کرنے سے متعلق ہے۔ یہ نظام دماغی سرگرمیوں کو پڑھ کر حرکت کرنے کے ارادوں کو ڈیجیٹل کمانڈز میں تبدیل کرتا ہے، جس سے صارف کمپیوٹر اور دیگر آلات چلا سکتا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ نئی تحقیق میں نہ صرف اس ٹیکنالوجی کی افادیت بلکہ اس کی طویل مدتی حفاظت اور مختلف طبی مراکز میں قابلِ اعتماد کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

نیورالنک کے مطابق امریکا، کینیڈا اور برطانیہ میں اس کے ابتدائی مطالعات کے دوران 30 سے زائد افراد کے دماغ میں امپلانٹ نصب کیا جاچکا ہے۔ ان افراد نے اس ٹیکنالوجی کی مدد سے اہل خانہ سے رابطے، تعلیم جاری رکھنے اور ویڈیو گیمز کھیلنے سمیت مختلف سرگرمیاں انجام دی ہیں۔

کمپنی نے نئی تحقیق کے لیے رضاکاروں کی رجسٹریشن شروع کرنے کی تصدیق کی ہے، تاہم شرکا کی تعداد، آزمائش کی مدت اور متعلقہ طبی مراکز کی تفصیلات تاحال جاری نہیں کی گئیں۔

واضح رہے کہ ایف ڈی اے کی جانب سے کلینیکل آزمائش کی اجازت ملنے کا مطلب یہ نہیں کہ ڈیوائس کو مارکیٹ میں فروخت کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔ اس مرحلے پر صرف انسانی آزمائش کے ذریعے اس کی حفاظت اور افادیت جانچی جائے گی۔

نیورالنک کے دیگر تحقیقی منصوبے

نیورالنک اپنے دماغی امپلانٹ کے مختلف طبی اور عملی استعمالات پر بھی کام کررہی ہے۔ کمپنی کو حال ہی میں ایک ایسے برین کمپیوٹر انٹرفیس سے متعلق پیٹنٹ ملا ہے جس میں دماغ اور بیرونی آلات کے درمیان رابطے کے لیے زندہ نیورونز استعمال کرنے کا تصور پیش کیا گیا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کو ’سیل بیسڈ برین مشین انٹرفیس‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس کے ابتدائی تجربات چوہوں پر کیے گئے ہیں، تاہم انسانوں پر اس کی آزمائش ابھی نہیں ہوئی۔

کمپنی کا ’پرائم‘ مطالعہ بھی جاری ہے، جس میں این ون امپلانٹ اور اسے دماغ میں نصب کرنے والے روبوٹک نظام آر ون کی حفاظت اور کارکردگی کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

اس کے علاوہ 2024 میں شروع ہونے والے ’کانوائے‘ مطالعے کے ذریعے یہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے کہ آیا دماغی امپلانٹ کی مدد سے روبوٹک بازو جیسے جسمانی معاون آلات کو کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔

نیورالنک قوتِ گویائی سے محروم یا شدید مشکلات کا سامنا کرنے والے افراد کے لیے بھی ٹیکنالوجی تیار کررہی ہے۔ اس سلسلے میں ’وائس‘ نامی تحقیق کے ذریعے دماغی اشاروں کو تحریری پیغامات اور کمپیوٹر سے تیار کردہ آواز میں تبدیل کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

کینیڈا میں یونیورسٹی ہیلتھ نیٹ ورک کے ٹورنٹو ویسٹرن اسپتال میں ’کین پرائم‘ جبکہ برطانیہ میں یونیورسٹی کالج لندن ہاسپٹلز کی نگرانی میں ’جی بی پرائم‘ مطالعہ بھی جاری ہے۔

دوسری جانب بصارت سے محروم افراد کی مدد کے لیے کمپنی ’بلائنڈسائٹ‘ نامی ڈیوائس پر کام کررہی ہے، جسے ستمبر 2024 میں امریکی ایف ڈی اے کی جانب سے بریک تھرو ڈیوائس ڈیزگنیشن دی گئی تھی۔

ماہرین کے نزدیک دماغ اور کمپیوٹر کے درمیان براہِ راست رابطے کی یہ ٹیکنالوجی شدید جسمانی معذوری کا سامنا کرنے والے افراد کے لیے مستقبل میں رابطے اور خودمختاری کے نئے امکانات پیدا کرسکتی ہے، تاہم اس کی طویل مدتی حفاظت اور حقیقی طبی فوائد ثابت کرنے کے لیے مزید تحقیق ضروری ہوگی۔

Leave a reply