سنگاپور دنیا کا بہترین اے آئی شہر قرار، امریکا اور چین پیچھے رہ گئے

0
12
سنگاپور دنیا کا بہترین اے آئی شہر قرار، امریکا اور چین پیچھے رہ گئے

مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبے میں دنیا بھر کے شہروں کے درمیان مقابلہ تیزی سے بڑھ رہا ہے، تاہم ایک تازہ عالمی درجہ بندی میں ایشیائی شہر سنگاپور نے سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کے بہترین اے آئی شہر کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔

کاؤنٹر پوائنٹ ریسرچ کی جانب سے جاری کردہ ’’اے آئی سٹیز‘‘ کی درجہ بندی میں سنگاپور 65.9 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر رہا، جبکہ جنوبی کوریا کا دارالحکومت سیئول 64.9 پوائنٹس حاصل کرکے دوسرے نمبر پر آیا۔

درجہ بندی کے مطابق متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی نے تیسری جبکہ دبئی نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ اس طرح ابتدائی چاروں پوزیشنیں ایشیائی شہروں کے حصے میں آئیں۔

امریکی شہر سان فرانسسکو پانچویں نمبر پر رہا، جبکہ برطانیہ کے دارالحکومت لندن نے چھٹی پوزیشن حاصل کی۔

فہرست میں چین کے شہر بیجنگ کو ساتویں، شنگھائی کو آٹھویں، شینزن کو نویں اور ہانگ کانگ کو دسویں نمبر پر رکھا گیا۔

جاپان کا دارالحکومت ٹوکیو گیارہویں پوزیشن پر رہا، جبکہ امریکی شہر بوسٹن بارہویں، نیویارک تیرہویں اور واشنگٹن چودھویں نمبر پر آئے۔ بھارت کا شہر بنگلورو پندرہویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔

اس عالمی درجہ بندی میں شہروں کی کارکردگی جانچنے کے لیے اے آئی ٹیکنالوجی کے استعمال، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، ڈیٹا سینٹرز، سپر کمپیوٹنگ کی سہولیات، اسٹارٹ اپس کی ترقی اور سرکاری و نجی شعبوں میں مصنوعی ذہانت کے منصوبوں کو مدنظر رکھا گیا۔

رپورٹ کے مطابق سرفہرست 15 شہروں میں سے 10 کا تعلق ایشیا سے ہے، جو مصنوعی ذہانت کے عالمی منظرنامے میں خطے کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔

Leave a reply