معروف بھارتی فلم ڈائریکٹر سنجے گپتا 57 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

0
36
معروف بھارتی فلم ڈائریکٹر سنجے گپتا 57 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف ہدایت کار سنجے گپتا 57 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ اپنی مشہور فلموں ’کانٹے‘ اور ’شوٹ آؤٹ ایٹ لوکھنڈوالا‘ کے باعث بالی ووڈ میں نمایاں مقام رکھتے تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنجے گپتا کی موت ہفتے کے روز ان کی رہائش گاہ پر پیش آنے والے ایک حادثے کے نتیجے میں ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ وہ گھر کے کچن میں گر گئے تھے، جس کے باعث ان کے سر پر شدید چوٹ آئی اور وہ جانبر نہ ہو سکے۔

فلم ساز اشوک پنڈت نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے سنجے گپتا کو ایک باصلاحیت فلم ساز، بہترین کہانی کار اور خوش مزاج شخصیت کا مالک قرار دیا۔

ان کے قریبی دوست حنیف چنوالا نے بھی اس اچانک سانحے پر افسوس کا اظہار کیا اور بتایا کہ حادثہ گھر میں گرنے کے باعث پیش آیا۔

سنجے گپتا نے اپنے فلمی کیریئر میں جرائم، ایکشن اور سنسنی خیز موضوعات کو منفرد انداز میں پیش کیا۔ فلم ’کانٹے‘ اور ’شوٹ آؤٹ ایٹ لوکھنڈوالا‘ نے انہیں بالی ووڈ میں خاص شہرت دلائی۔

ان کی دیگر نمایاں فلموں میں ’ممبئی ساگا‘ بھی شامل ہے، جو 2021 میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس فلم میں جان ابراہم اور عمران ہاشمی نے اہم کردار ادا کیے تھے۔

بطور ہدایت کار ان کی آخری فلم ’دی مرانڈا برادرز‘ تھی، جو 2024 میں ریلیز ہوئی۔ اس کے علاوہ بطور پروڈیوسر ان کی فلم ’وسفوٹ‘ بھی شائقین کے سامنے آئی، جس میں فردین خان اور رتیش دیش مکھ نے اداکاری کی۔

سنجے گپتا فلمی دنیا اور سوشل میڈیا پر بھی سرگرم رہتے تھے اور بالخصوص فلم انڈسٹری کے معاملات پر کھل کر اپنی رائے کا اظہار کرتے تھے۔

ان کے انتقال کی خبر سے بھارتی فلمی حلقوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ان کی وفات سے ہندی سنیما ایک ایسے فلم ساز سے محروم ہو گیا جس نے ایکشن اور کرائم فلموں کے ذریعے اپنی الگ شناخت قائم کی۔

Leave a reply