
معروف امریکی سپر ماڈل بیلا حدید نے اپنی صحت سے متعلق اہم انکشافات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ لائم ڈیزیز سمیت متعدد بیماریوں کا سامنا کر رہی ہیں، جن کے اثرات ان کی نجی زندگی اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں بیلا حدید نے بتایا کہ وہ پوسچرل آرتھوسٹیٹک ٹیکی کارڈیا سنڈروم (POTS)، پری مینسٹرول ڈسفورک ڈس آرڈر (PMDD) اور اینڈومیٹریوسس جیسے طبی مسائل سے دوچار ہیں۔
ان بیماریوں کے باعث انہیں دل کی دھڑکن تیز ہونے، ماہواری کے دوران شدید درد اور دیگر جسمانی و ذہنی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
بیلا حدید نے اپنے کیریئر کے دوران پیش آنے والے ایک پریشان کن واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک مرتبہ فیشن شو میں ریمپ پر واک سے کچھ دیر قبل ان کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی تھی اور انہیں سانس لینے میں شدید دشواری پیش آئی۔
ان کا کہنا تھا کہ صحت کے مسائل بعض اوقات ان کے اعتماد کو متاثر کرتے ہیں، تاہم اب وہ اپنی جسمانی حالت اور برداشت کو مدنظر رکھتے ہوئے پیشہ ورانہ مصروفیات کے حوالے سے فیصلے کرتی ہیں۔
ماڈل کے مطابق اپنی صحت کو ترجیح دینا ان کے لیے ضروری ہے تاکہ وہ بیماریوں کے باوجود زندگی اور کیریئر کے درمیان بہتر توازن برقرار رکھ سکیں۔








