انوپم کھیر نے عالیہ بھٹ کو گھر فروخت کرنے کی وجہ بتا دی، کرائے کے مکان میں رہنے کو کیوں ترجیح دیتے ہیں؟

ممبئی: بالی ووڈ کے سینئر اداکار انوپم کھیر نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنا ذاتی گھر اداکارہ عالیہ بھٹ کو فروخت کر دیا تھا، جس کے بعد انہوں نے کرائے کے مکان میں رہنے کو ترجیح دی۔ اداکار کے مطابق یہ فیصلہ ان کی زندگی میں ذہنی سکون اور آسانی کا باعث بنا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے انوپم کھیر نے بتایا کہ وہ تقریباً ایک دہائی سے کرائے کے گھر میں رہ رہے ہیں اور انہیں اپنے اس فیصلے پر کوئی پچھتاوا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ذاتی جائیداد رکھنے کے ساتھ مرمت، دیکھ بھال اور دیگر اخراجات کی ذمہ داریاں بھی وابستہ ہوتی ہیں، جن سے وہ خود کو آزاد رکھنا چاہتے ہیں۔
اداکار نے بتایا کہ انہوں نے اپنی والدہ کے لیے شملہ میں ایک گھر خریدا تھا، تاہم وہ اور ان کے بھائی کرائے کے مکانوں میں رہنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
انوپم کھیر کے مطابق انہوں نے اپنا ایک گھر عالیہ بھٹ کو فروخت کیا تھا۔ اس کے بعد وہ دوسرے مکان میں منتقل ہوگئے۔ اسی دوران ان کی اہلیہ کرن کھیر کو پارلیمانی ذمہ داریاں ملنے کے بعد چندی گڑھ منتقل ہونا پڑا۔ انوپم کھیر بھی اپنے لیے نئے گھر کی تلاش میں تھے، لیکن بعد ازاں انہوں نے مستقل طور پر کرائے کے مکان میں رہنے کا فیصلہ کرلیا۔
انٹرویو میں اداکار نے اپنی دولت سے متعلق انٹرنیٹ پر گردش کرنے والے دعوؤں پر بھی وضاحت دی۔ ان کے بارے میں مختلف ویب سائٹس پر 400 سے 500 کروڑ بھارتی روپے کے اثاثوں کا ذکر کیا جاتا ہے، تاہم انوپم کھیر نے ان اعداد و شمار کو حقیقت سے دور قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس بیان کی جانے والی دولت کا دسواں حصہ بھی نہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ کرائے کے مکان میں رہنے کا فیصلہ سادہ یا غیر آرام دہ زندگی گزارنے کی علامت نہیں۔ انہیں اچھے ریسٹورنٹس میں کھانا کھانے، آرام دہ سفر کرنے اور معیاری ہوٹلز میں قیام کا شوق ہے۔
اداکار کے مطابق زندگی میں آسائشوں کی خواہش کی کوئی حد نہیں، اس لیے وہ غیر ضروری ملکیت جمع کرنے کے بجائے ذہنی سکون اور اپنی سہولت کو اہمیت دیتے ہیں۔
فلمی محاذ پر انوپم کھیر نے نتیش تیواری کی فلم ’رامائن‘ میں جٹایو کے کردار کے لیے اپنی آواز ریکارڈ کروائی ہے۔ وہ سورج برجاتیا کی آنے والی فلم ’یہ پریم مول لیا‘ میں بھی دکھائی دیں گے، جس میں آیوشمان کھرانہ اور شروری واگھ بھی شامل ہیں۔ فلم کی ریلیز 27 نومبر مقرر کی گئی ہے۔









