امریکی گلوکارہ ملی سائرس نے میکس مورنڈو سے شادی کرلی

0
7
امریکی گلوکارہ ملی سائرس نے میکس مورنڈو سے شادی کرلی

پام اسپرنگز: امریکی گلوکارہ اور اداکارہ ملی سائرس نے معروف موسیقار میکس مورنڈو کے ساتھ شادی کرلی۔ شادی کی تقریب امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر پام اسپرنگز میں منعقد ہوئی، جس میں دونوں خاندانوں کے افراد اور قریبی دوستوں نے شرکت کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی کی نجی تقریب ہفتے 21 نومبر کو ہوئی، جس میں معروف بینڈ ’دی فلیمنگ لپس‘ کے گلوکار وین کوائن نے شادی کی رسومات انجام دیں۔

تقریب کو سادگی اور خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ سوئمنگ پول کے قریب سفید پھولوں سے مزین محراب تیار کی گئی تھی۔ ملی سائرس سفید ساٹن کے عروسی لباس جبکہ میکس مورنڈو سیاہ سوٹ میں نظر آئے۔

شادی کے موقع پر ملی سائرس جذباتی ہوگئیں اور عہد و پیمان کے دوران ان کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو آگئے۔ تقریب میں ان کے والدین، بہن اور دیگر قریبی عزیزوں کے علاوہ اداکارہ الزبتھ ہرلی نے بھی شرکت کی۔

شادی کی تقریبات کا آغاز ایک روز قبل عشائیے سے ہوا تھا، جس میں سرخ پھولوں اور موم بتیوں سے میزوں کو سجایا گیا۔ اس موقع پر دولہا اور دلہن کے ناموں کے ابتدائی حروف بھی نمایاں کیے گئے۔

ملی سائرس اور میکس مورنڈو کے درمیان تعلقات کی خبریں 2021 میں سامنے آئی تھیں۔ دونوں کی پہلی ملاقات ایک مشترکہ دوست کے ذریعے ہوئی تھی۔ میکس مورنڈو لاس اینجلس کے راک بینڈ ’لیلی‘ میں بطور ڈرمر خدمات انجام دیتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اکتوبر 2025 میں میکس مورنڈو نے جاپان کے شہر کیوٹو میں ملی سائرس کو شادی کی پیشکش کی تھی، جبکہ دسمبر 2025 میں دونوں کی منگنی کی خبر سامنے آئی۔

واضح رہے کہ ملی سائرس کی یہ دوسری شادی ہے۔ اس سے قبل انہوں نے 2018 میں اداکار لیام ہیمس ورتھ سے شادی کی تھی، تاہم یہ رشتہ 2020 میں طلاق پر ختم ہوگیا تھا۔

کئی برس تک قائم رہنے والے تعلق کے بعد ملی سائرس اور میکس مورنڈو نے اب اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کردیا ہے۔

Leave a reply