
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے مزید 4 لاکھ ٹن چینی بیرون ملک برآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے، جس کے بعد ملک سے مجموعی طور پر 6 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دی جاچکی ہے۔
اس سے قبل حکومت کی جانب سے 2 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ مزید برآمد کی منظوری اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی سمری پر دی۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں چینی کی برآمد کی نئی مقدار کا ذکر نہیں کیا گیا، تاہم بتایا گیا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد گنے کے کاشت کاروں کو ان کی پیداوار کا مناسب معاوضہ دلانا ہے۔
دوسری جانب پاکستان بزنس فورم نے چینی برآمد کرنے کی اجازت دینے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ فورم کے مطابق اس اقدام سے شوگر ملوں میں کرشنگ سیزن کے آغاز کے عمل میں تیزی آنے کی توقع ہے۔
پاکستان بزنس فورم نے حکومت سے مطالبہ بھی کیا ہے کہ چینی کی مزید 4 لاکھ ٹن برآمد کی اجازت دینے کی تجویز پر غور کیا جائے۔









