
ملک بھر میں خناق، کالی کھانسی، خسرہ اور موسمی انفلوئنزا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر قومی ادارہ صحت نے متعدی امراض کے پھیلاؤ سے متعلق دو علیحدہ ایڈوائزریز جاری کر دی ہیں۔
حکام کے مطابق اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں خناق سے متاثرہ متعدد مریض زیر علاج ہیں، جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں کالی کھانسی کے کیسز بھی سامنے آئے ہیں۔
ادھر ملک کے مختلف علاقوں میں خسرے کے باعث بچوں کی اموات کی اطلاعات نے تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔ طبی ماہرین نے بچوں میں حفاظتی ٹیکوں کی کم شرح کو بیماریوں کے پھیلاؤ کی اہم وجوہات میں سے ایک قرار دیا ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق بچوں کو بروقت ویکسین لگوانا متعدی بیماریوں سے تحفظ کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر ویکسینیشن مہم کو مؤثر بنانے کے ساتھ ساتھ ویکسین سے متعلق غلط معلومات اور منفی پروپیگنڈے کی روک تھام کے لیے بھی اقدامات کرنا ہوں گے۔
طبی ماہرین نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ بچوں کا حفاظتی ٹیکوں کا کورس مکمل کروائیں اور بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر فوری طبی معائنہ کرائیں۔









