واٹس ایپ صارفین کے لیے بڑی خوشخبری، چیٹ بیک اپ محفوظ کرنے کا نیا آپشن متعارف

0
28
واٹس ایپ صارفین کے لیے بڑی خوشخبری، چیٹ بیک اپ محفوظ کرنے کا نیا آپشن متعارف

واٹس ایپ صارفین کے لیے چیٹ بیک اپ محفوظ کرنے کے حوالے سے ایک نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے، جس کے ذریعے اینڈرائیڈ صارفین گوگل ڈرائیو کے علاوہ واٹس ایپ کی اپنی کلاؤڈ اسٹوریج سروس میں بھی ڈیٹا محفوظ کر سکیں گے۔

ٹیکنالوجی سے متعلق رپورٹس کے مطابق یہ فیچر فی الحال واٹس ایپ کے بیٹا ورژن میں دیکھا گیا ہے۔ اس سہولت کے تحت صارفین کو چیٹ بیک اپ کے لیے دو آپشنز دستیاب ہوں گے، جن میں گوگل ڈرائیو اور واٹس ایپ کی اپنی کلاؤڈ اسٹوریج شامل ہیں۔

رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ اپنی کلاؤڈ اسٹوریج استعمال کرنے والے صارفین کو 2 جی بی مفت جگہ فراہم کرے گا۔ جبکہ واٹس ایپ پلس سبسکرپشن لینے والوں کے لیے 100 جی بی اور میٹا ون کے صارفین کے لیے 4 ٹی بی اسٹوریج کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔

اس نئے فیچر کی اہم خصوصیت یہ ہے کہ واٹس ایپ کے اپنے کلاؤڈ اسٹوریج میں محفوظ ہونے والا بیک اپ ڈیفالٹ طور پر اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے تحت محفوظ ہوگا، جس سے صارفین کے نجی ڈیٹا کی حفاظت مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ اس وقت اینڈرائیڈ صارفین گوگل ڈرائیو اور آئی فون صارفین آئی کلاؤڈ کے ذریعے واٹس ایپ چیٹس کا بیک اپ محفوظ کرتے ہیں۔ گوگل ڈرائیو میں بیک اپ کے لیے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن صارفین کو خود فعال کرنا پڑتی ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ میٹا ون سبسکرپشن کے تحت ملنے والی 4 ٹی بی اسٹوریج کی سہولت کی رکنیت ختم ہونے اور دوبارہ تجدید نہ ہونے کی صورت میں چار ماہ بعد متعلقہ بیک اپ مستقل طور پر حذف کیا جا سکتا ہے۔

فی الحال یہ فیچر آزمائشی مرحلے میں ہے اور اسے تمام صارفین کے لیے کب تک جاری کیا جائے گا، اس حوالے سے حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔

Leave a reply