
ذیابیطس ایک ایسا مرض ہے جو صرف خون میں شوگر کی سطح بڑھانے تک محدود نہیں بلکہ جسم کے کئی اہم اعضا، خصوصاً دل، خون کی شریانوں اور گردوں کو بھی متاثر کرسکتا ہے۔ طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ذیابیطس کے مریض اگر صرف شوگر کنٹرول کرنے پر توجہ دیں اور دل کی صحت کو نظر انداز کردیں تو انہیں ہارٹ اٹیک اور فالج جیسے سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
طبی ماہرین نے دل کی صحت کو متاثر کرنے والے سات اہم عوامل کی نشاندہی کی ہے جن پر خصوصی توجہ دینا ضروری ہے۔
1۔ ہائی بلڈ پریشر: مسلسل بلند فشار خون دل پر اضافی دباؤ ڈالتا ہے اور شریانوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ اس لیے بلڈ پریشر کی باقاعدگی سے جانچ ضروری ہے۔
2۔ کولیسٹرول میں خرابی: ذیابیطس کے باعث نقصان دہ کولیسٹرول اور ٹرائی گلیسرائیڈز بڑھ سکتے ہیں، جبکہ اچھے کولیسٹرول کی مقدار کم ہوسکتی ہے۔ اس سے شریانوں میں چربی جمع ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔
3۔ اے پی او بی ذرات میں اضافہ: خون میں موجود اے پی او بی نامی ذرات کی زیادہ مقدار شریانوں میں چکنائی جمع ہونے اور دل کی بیماریوں کا خطرہ بڑھا سکتی ہے۔
4۔ خون کی شریانوں کو نقصان: طویل عرصے تک شوگر زیادہ رہنے سے شریانوں کی اندرونی سطح متاثر ہوسکتی ہے، جس سے خون کی روانی میں مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
5۔ گردوں کی کمزوری: ذیابیطس گردوں کی کارکردگی متاثر کرسکتی ہے۔ گردوں کے مسائل جسم میں پانی اور نمکیات کا توازن بگاڑ کر بلڈ پریشر اور دل کی بیماریوں کا خطرہ بڑھا سکتے ہیں۔
6۔ موٹاپا اور پیٹ کی چربی: خصوصاً پیٹ کے گرد جمع ہونے والی اضافی چربی انسولین کی مزاحمت میں اضافہ کرتی ہے اور دل کی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔
7۔ غیر صحت مند طرز زندگی: سگریٹ نوشی، جسمانی سرگرمی کی کمی اور نیند پوری نہ کرنا دل اور شوگر دونوں کے مسائل میں اضافہ کرسکتا ہے۔
دل اور گردوں کی حفاظت کیلیے کونسے ٹیسٹ ضروری ہیں؟
ماہرین کا کہنا ہے کہ ذیابیطس کے مریضوں کو شوگر ٹیسٹ کے ساتھ بلڈ پریشر، لپڈ پروفائل اور گردوں کی کارکردگی بھی باقاعدگی سے چیک کروانی چاہیے۔ پیشاب میں پروٹین کی جانچ اور ضرورت کے مطابق اے پی او بی ٹیسٹ بھی مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔
روزمرہ زندگی میں احتیاط کیوں ضروری ہے؟
دل اور گردوں کو محفوظ رکھنے کے لیے متوازن غذا، روزانہ چہل قدمی، مناسب وزن، مکمل نیند اور سگریٹ نوشی سے اجتناب ضروری ہے۔ ڈاکٹر کی تجویز کردہ ادویات بھی پابندی سے استعمال کرنی چاہئیں۔
اگر سینے میں درد، سانس لینے میں دشواری، اچانک کمزوری، چہرے کا ایک طرف ڈھلکنا یا بولنے میں مشکل پیش آئے تو فوری طبی امداد حاصل کریں۔
ماہرین کے مطابق ذیابیطس کا مؤثر علاج صرف شوگر کم رکھنے کا نام نہیں بلکہ دل، گردوں اور خون کی شریانوں کی حفاظت بھی اس کا بنیادی حصہ ہے۔ باقاعدہ طبی معائنے اور صحت مند طرز زندگی سے پیچیدگیوں کے خطرات کم کیے جاسکتے ہیں۔









