
اداکار کا کہنا ہے کہ رمشا خان نے اپنی مرضی سے سوشل میڈیا اور شوبز سرگرمیوں سے فاصلہ اختیار کیا، کسی نے ان پر پابندی عائد نہیں کی۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار خوشحال خان نے اپنی اہلیہ رمشا خان کے میڈیا اور سوشل میڈیا سے دور رہنے کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں پر وضاحت پیش کردی ہے۔
ایک حالیہ یوٹیوب انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے خوشحال خان نے بتایا کہ رمشا کا سوشل میڈیا سے دور رہنے کا فیصلہ مکمل طور پر ذاتی تھا۔ اس معاملے میں نہ تو ان پر کوئی دباؤ ڈالا گیا اور نہ ہی انہیں شوبز سے دور رہنے پر مجبور کیا گیا۔
اداکار کے مطابق سوشل میڈیا پر ہونے والے تبصروں اور ردعمل کے بعد رمشا نے خود کچھ عرصے کے لیے میڈیا سے دور رہنے کا فیصلہ کیا۔ خوشحال خان نے بتایا کہ انہوں نے اپنی اہلیہ سے اس فیصلے کے بارے میں دوبارہ بھی دریافت کیا تھا، تاہم رمشا اپنے مؤقف پر قائم رہیں۔
خوشحال خان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی زندگی میں کسی دوسرے فرد کے فیصلوں پر اپنی مرضی مسلط کرنے کے قائل نہیں، چاہے وہ ان کی اہلیہ ہوں یا خاندان کا کوئی دوسرا فرد۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب دو افراد اپنی زندگی کے معاملات باہمی رضامندی سے طے کر رہے ہیں تو دوسروں کو اس پر اعتراض کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ رمشا اپنی زندگی میں خوش ہیں اور دونوں کے درمیان اس حوالے سے کوئی اختلاف نہیں۔
انٹرویو کے دوران اداکار نے اپنی شادی کے بعد ہونے والی سوشل میڈیا تنقید پر بھی بات کی۔ ان کے مطابق انہیں اپنی پختون شناخت کی وجہ سے بھی نامناسب تبصروں اور تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
خوشحال خان نے بتایا کہ ان کی اہلیہ رمشا بھی یوسف زئی پختون خاندان سے تعلق رکھتی ہیں، اس کے باوجود دونوں کو اپنی ثقافتی شناخت کی بنیاد پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے مختلف قومیتوں اور ثقافتوں کے بارے میں قائم منفی تصورات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قوم یا ثقافت کو پسماندگی سے جوڑنا درست نہیں۔ ان کے مختلف ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے دوست ہیں اور وہ سب کا احترام کرتے ہیں۔









