
بھارتی ریاست تلنگانہ میں انڈر 19 ویمنز کرکٹ ٹیم کے لیے منتخب ہونے والی 17 سالہ کرکٹر نندنی کی مبینہ خودکشی کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد اہلخانہ نے دو نوجوانوں پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نندنی کی لاش ضلع وِکارآباد کے علاقے مدھو کالونی میں ان کی دادی کے گھر سے ملی۔ وہ اپنی تعلیم کے ساتھ کرکٹ کی تربیت بھی حاصل کر رہی تھیں اور حال ہی میں بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی انڈر 19 ویمنز ٹیم کے لیے منتخب ہوئی تھیں۔
اہلخانہ کا الزام ہے کہ انیل نامی نوجوان گزشتہ چند روز سے نندنی کو مبینہ طور پر محبت کے نام پر تنگ اور ان کا پیچھا کر رہا تھا، جبکہ کرشنا نامی ایک اور نوجوان بھی اس معاملے میں اس کا ساتھ دے رہا تھا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور تحقیقات کا آغاز کردیا۔ پولیس حکام کے مطابق ابتدائی شواہد سے موت خودکشی معلوم ہوتی ہے، تاہم واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
پولیس نے نندنی کا موبائل فون تحویل میں لے کر فرانزک معائنے کے لیے بھجوا دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور پیغامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا تاکہ مبینہ ہراسانی سے متعلق شواہد حاصل کیے جاسکیں۔
دوسری جانب نندنی کے اہلخانہ اور رشتہ داروں نے واقعے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے نامزد نوجوانوں کی گرفتاری اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس کے مطابق نندنی کے والد کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ پوسٹ مارٹم کے بعد میت اہلخانہ کے حوالے کردی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے اور شواہد سامنے آنے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔









