امریکی سینیٹر عبدالسید کا قرآن پاک پر حلف اٹھانے کا اعلان

امریکی ریاست مشی گن سے نومنتخب مسلمان سینیٹر عبدالسید نے اعلان کیا ہے کہ وہ 3 جنوری 2027 کو اپنے عہدے کا حلف قرآن پاک پر اٹھائیں گے۔ اس فیصلے کے بعد وہ امریکی تاریخ میں قرآن مجید پر حلف اٹھانے والے پہلے سینیٹر بن جائیں گے۔
امریکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں عبدالسید نے بتایا کہ وہ حلف برداری کے لیے قرآن پاک کے دو تاریخی نسخوں میں سے کسی ایک کے انتخاب پر غور کر رہے ہیں۔
ان میں ایک نسخہ سابق امریکی صدر تھامس جیفرسن کا ذاتی قرآن ہے، جو امریکی کانگریس کی لائبریری میں محفوظ ہے۔ اسی تاریخی نسخے کو 2007 میں امریکی ایوان نمائندگان کےکیتھ ایلیسن نے اپنے حلف کیلیے استعمال کیا تھا۔
دوسرا ممکنہ انتخاب یونیورسٹی آف مشی گن میں محفوظ قرآن مجید کا ایک قدیم نسخہ ہے۔ تاہم عبدالسید نے ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا کہ تقریب میں کون سا نسخہ استعمال کیا جائے گا۔
عبدالسید کا کہنا ہے کہ امریکی آئین ہر شہری کو مذہبی آزادی اور اپنے عقائد کے مطابق زندگی گزارنے کا حق دیتا ہے۔ ان کے مطابق حلف برداری میں بنیادی اہمیت اس عہد کی ہے جس کے ذریعے منتخب نمائندہ آئین سے وفاداری اور اس کے تحفظ کا وعدہ کرتا ہے۔
امریکا میں سرکاری عہدوں کا حلف اٹھانے کے لیے بائبل یا کسی دوسری مخصوص مذہبی کتاب کا استعمال آئینی طور پر ضروری نہیں۔ امریکی آئین بھی مذہب کی بنیاد پر کسی شخص کو سرکاری عہدے سے محروم کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔
عبدالسید نے 3 نومبر 2026 کو ہونے والے انتخابات میں ریپبلکن امیدوار مائیک راجرز کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی تھی۔ اس کامیابی کے ساتھ وہ امریکی سینیٹ کے پہلے مسلمان رکن منتخب ہوئے۔
ان کا قرآن پاک پر حلف اٹھانے کا اعلان امریکی سیاست میں مذہبی تنوع اور مسلمانوں کی نمائندگی کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کی حلف برداری کی تقریب 3 جنوری 2027 کو منعقد ہوگی۔









