
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو طبی معائنے اور آنکھوں کے علاج کے لیے اڈیالہ جیل سے اسلام آباد کے پمز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کا تفصیلی چیک اَپ کیا۔
پمز اسپتال کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق عمران خان کو 10 اور 11 نومبر کی درمیانی شب اسپتال لایا گیا۔ اس دوران ان کا عمومی طبی معائنہ کرنے کے ساتھ آنکھوں کا فالو اَپ بھی کیا گیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق ماہر امراضِ چشم کی تجویز پر عمران خان کی آنکھ میں اینٹی وی ای جی ایف (Anti-VEGF) انجکشن لگایا گیا۔ یہ انجکشن آنکھوں کی بعض بیماریوں کے علاج میں استعمال کیا جاتا ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ پمز کے شعبہ امراضِ چشم کی ماہر ٹیم نے طبی طریقہ کار مکمل کیا، جس کے بعد عمران خان کے تمام طبی اشاریے معمول کے مطابق پائے گئے۔
اسپتال کے مطابق معائنے اور ضروری علاج کے بعد ان کی عمومی جسمانی حالت مستحکم اور تسلی بخش تھی۔
پمز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طبی عمل مکمل ہونے کے بعد عمران خان کو واپس اڈیالہ جیل منتقل کرنے کے لیے ضروری انتظامات بھی مکمل کرلیے گئے تھے۔








