11.11 سیل کے دوران آن لائن فراڈ کا خدشہ، سائبر کرائم ایجنسی کا صارفین کے لیے اہم انتباہ

اسلام آباد: پاکستان کی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے 11.11 سیل کے موقع پر آن لائن خریداری کرنے والے صارفین کو ممکنہ فراڈ سے خبردار کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ایجنسی کے مطابق بڑی رعایتوں اور خصوصی آفرز کی آڑ میں بعض جعلی آن لائن اسٹورز صارفین کو دھوکا دے سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں انہیں مالی نقصان کے ساتھ اپنی ذاتی معلومات سے بھی ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے۔
این سی سی آئی اے نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ کسی بھی ویب سائٹ سے خریداری کرنے سے پہلے اس کی ساکھ اور اصلیت کی تصدیق کریں اور ترجیحاً مستند آن لائن اسٹورز کا انتخاب کریں۔
سائبر کرائم ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ مارکیٹ سے غیر معمولی حد تک کم قیمت پر اشیا فروخت کرنے کی پیشکشیں اور محدود وقت کی آفرز دھوکا دہی کا ذریعہ بھی ہوسکتی ہیں۔ صارفین کو ایسی پیشکشوں پر فوری اعتماد کرنے کے بجائے پہلے فروخت کنندہ کی تفصیلات جانچنی چاہئیں۔
ادائیگی کے حوالے سے بھی صارفین کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایجنسی کے مطابق بینک کارڈز اور قابل اعتماد پیمنٹ گیٹ ویز کے ذریعے ادائیگی کو ترجیح دی جائے، جبکہ نامعلوم افراد یا غیر مستند ذرائع پر رقم منتقل کرنے سے گریز کیا جائے۔
مزید برآں آن لائن آرڈر دینے سے پہلے متعلقہ اسٹور کے صارفین کے ریویوز، فروخت کنندہ کی ساکھ اور اشیا کی واپسی یا رقم کی واپسی سے متعلق پالیسی کا جائزہ لینا بھی ضروری ہے۔
این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ معمولی سی احتیاط صارفین کو آن لائن مالی فراڈ، جعلی خریداری کے پلیٹ فارمز اور ذاتی معلومات کے غلط استعمال سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ 11.11 سیل کے دوران کسی بھی پرکشش پیشکش پر آنکھ بند کرکے اعتماد کرنے کے بجائے تصدیق اور احتیاط کو ترجیح دیں۔









