
اٹک: تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں پانی چھوڑے جانے کے بعد ضلع اٹک کی انتظامیہ نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے۔ تحصیل حضرو اور چھچھ کے مختلف دیہات میں مساجد کے ذریعے اعلانات کرکے شہریوں اور کسانوں کو دریا کے قریب جانے سے روک دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق دریائے سندھ میں پانی کی سطح اور بہاؤ میں دوپہر 12 بجے تک اضافے کا امکان ہے۔ صورتحال کے پیش نظر احتیاطی اقدامات مزید سخت کرتے ہوئے ریسکیو اہلکاروں کو دریا کے کناروں پر تعینات کردیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جاسکے۔
اطلاعات کے مطابق تربیلا ڈیم کے ففتھ ایکسٹینشن ہائیڈرو پاور منصوبے کی زیر تعمیر سرنگ میں پیش آنے والے حادثے کے بعد پانی کے اخراج کا معاملہ سامنے آیا۔ کھدائی کے دوران چٹان کا ایک کمزور حصہ گرنے سے پانی انٹیک پٹ کے راستے سرنگ میں داخل ہوگیا، جس کے نتیجے میں تعمیراتی مقام پر پانی جمع ہوگیا۔
واقعے کے بعد منصوبے پر تعمیراتی سرگرمیاں عارضی طور پر روک دی گئیں۔ حکام کے مطابق متاثرہ مقام پر موجود تمام ملکی اور غیر ملکی کارکنوں کو بحفاظت نکال لیا گیا، جبکہ پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ جانے والے ایک پاکستانی کارکن کو بھی ریسکیو کرلیا گیا۔ حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ڈپٹی کمشنر ہری پور وسیم احمد نے متعلقہ اداروں کے ہمراہ متاثرہ مقام کا دورہ کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی ہے، جو تکنیکی خرابیوں اور دیگر ممکنہ اسباب کا جائزہ لے گی۔
دوسری جانب واپڈا نے تربیلا ڈیم کی مرکزی سرنگ یا حفاظتی بند ٹوٹنے سے متعلق اطلاعات کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حادثہ سیکنڈ بینچ کنیکٹنگ ٹنل کی کھدائی کے دوران پیش آیا تھا۔
واپڈا کے مطابق ڈیم کی مرکزی ٹنل، زیر تعمیر پاور ہاؤس، ٹیل ریس کلورٹ اور سوئچ یارڈ محفوظ ہیں۔ انٹیک پٹ سے پانی نکال لیا گیا ہے، جبکہ پاور ہاؤس کے متاثرہ حصے سے پانی کی نکاسی کا کام جاری ہے۔ مزید پانی کو تعمیراتی مقامات میں داخل ہونے سے روکنے کے اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ تربیلا ففتھ ایکسٹینشن منصوبہ 807 ملین ڈالر کی لاگت سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ منصوبے سے قومی بجلی کے نظام میں مزید 1530 میگاواٹ بجلی شامل ہونے کی توقع ہے، جس کے بعد تربیلا ڈیم کی مجموعی پیداواری صلاحیت 6418 میگاواٹ ہوجائے گی۔
عالمی بینک اور ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے تعاون سے جاری اس منصوبے کی تکمیل کا ہدف ستمبر 2027 مقرر ہے۔ حالیہ واقعے کے بعد منصوبے کی پیش رفت اور آئندہ تعمیراتی سرگرمیوں کا انحصار تکنیکی تحقیقات اور حفاظتی اقدامات کے نتائج پر ہوگا۔









