
آنکھوں میں موتیا ایک عام مرض ہے، تاہم بروقت علاج نہ ہونے کی صورت میں یہ بینائی کو شدید متاثر کر سکتا ہے۔ موتیا کی آخری اور شدید حالت کو طبی زبان میں ’مچیور کیٹریکٹ‘ (Mature Cataract) کہا جاتا ہے، جس میں آنکھ کا قدرتی لینس مکمل طور پر دھندلا ہو جاتا ہے۔
حالیہ دنوں میں بشریٰ بی بی کے وکیل کیجانب سےدعویٰ سامنے آیا ہے کہ انہیں دورانِ قید مچیور کیٹریکٹ کیوجہ سےبینائی کے مسائل کا سامنا ہے اور مزید آپریشن کی ضرورت پیش آ سکتی ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق مچیور کیٹریکٹ میں آنکھ کا شفاف لینس اپنی شفافیت کھو دیتا ہے، جس کے باعث روشنی مناسب طریقے سے آنکھ کے اندر نہیں پہنچ پاتی اور دیکھنے کی صلاحیت نمایاں طور پر متاثر ہوتی ہے۔
مچیور کیٹریکٹ کی علامات کیا ہیں؟
اس مرض میں آنکھ کا لینس سفید، سرمئی یا زردی مائل بھورا دکھائی دے سکتا ہے۔ مریض کو چیزیں دھندلی نظر آتی ہیں اور بعض شدید صورتوں میں بینائی اس حد تک کم ہو جاتی ہے کہ صرف روشنی اور اندھیرے میں فرق محسوس کیا جا سکتا ہے۔
اس کی اہم علامات میں شامل ہیں:
– بینائی کا مسلسل کمزور ہونا۔
– آنکھوں کے سامنے دھند یا سفید پردہ محسوس ہونا۔
– سورج کی روشنی اور گاڑیوں کی تیز ہیڈ لائٹس سے تکلیف۔
– پڑھنے اور معمول کے روزمرہ کام کرنے میں دشواری۔
– چہروں اور دور موجود اشیا کو پہچاننے میں مشکل۔
– بعض صورتوں میں صرف روشنی کی موجودگی کا احساس باقی رہ جانا۔
بروقت علاج نہ ہو تو کیا پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں؟
ماہرین کے مطابق اگر موتیا طویل عرصے تک علاج کے بغیر رہے تو یہ مزید پیچیدہ صورت اختیار کر سکتا ہے، جسے ہائپر میچیور کیٹریکٹ کہا جاتا ہے۔
اس مرحلے پر لینس سکڑنے یا اس کے اندر موجود مواد کے خارج ہونے کا عمل شروع ہو سکتا ہے، جس سے آنکھ میں سوزش اور گلوکوما (کالا موتیا) جیسی پیچیدگیوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ بعض صورتوں میں بینائی کو مستقل نقصان بھی پہنچ سکتا ہے۔
مچیور کیٹریکٹ کا علاج کیسے کیا جاتا ہے؟
طبی ماہرین کے مطابق موتیا کو ختم کرنے کا مؤثر اور حتمی طریقہ سرجری ہے۔ ادویات، آئی ڈراپس یا عینک سے دھندلے ہو جانے والے قدرتی لینس کو دوبارہ شفاف نہیں بنایا جا سکتا۔
آپریشن کے دوران جدید مائیکرو سرجری کی مدد سے متاثرہ لینس نکال کر اس کی جگہ مصنوعی شفاف لینس (انٹرا آکیولر لینس) نصب کیا جاتا ہے۔
کیا موتیا کی سرجری میں تاخیر کرنی چاہیے؟
ماہرینِ چشم کا کہنا ہے کہ موتیا کو شدید یا مکمل مرحلے تک پہنچنے کا انتظار نہیں کرنا چاہیے۔ ابتدائی مراحل میں سرجری نسبتاً آسان ہو سکتی ہے، جبکہ زیادہ سخت اور مکمل دھندلا ہو جانے والے لینس کو نکالنے کا عمل پیچیدہ ہو سکتا ہے۔
آنکھوں کی بینائی میں مسلسل کمی، دھندلاپن یا دیگر غیر معمولی علامات ظاہر ہونے پر مستند ماہرِ چشم سے معائنہ کرانا ضروری ہے تاکہ بروقت تشخیص اور مناسب علاج ممکن بنایا جا سکے۔









