تربیلا ڈیم حادثے کے بعد تین اضلاع ہائی الرٹ ، وزیراعظم کا نوٹس

0
16
تربیلا ڈیم حادثے کے بعد تین اضلاع ہائی الرٹ ، وزیراعظم کا نوٹس

اسلام آباد: تربیلا ڈیم کے توسیعی منصوبے کے تعمیراتی مقام پر پیش آنے والے حادثے کے بعد ڈیم سے پانی کے اخراج میں اضافہ ہوگیا ہے، جبکہ وزیراعظم نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

دستیاب معلومات کے مطابق حادثے کے بعد ڈیم سے پانی کا اخراج ڈیڑھ لاکھ کیوسک سے تجاوز کرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ڈیم انتظامیہ کے مطابق پانی کی سطح اس وقت 1492 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے، جو ڈیڈ لیول سے 90 فٹ زیادہ ہے۔ ڈیم کا کم ترین سطحِ آب 1402 فٹ جبکہ زیادہ سے زیادہ ذخیرہ کرنے کی سطح 1550 فٹ ہے۔

بجلی کی پیداوار سے متعلق حکام کا کہنا ہے کہ ڈیم کے 15 پیداواری یونٹس کام کر رہے ہیں، جبکہ دو یونٹس بند ہیں۔ اس وقت بجلی کی مجموعی پیداوار 656 میگاواٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔

وزیراعظم نے حادثے کی وجوہات، ذمہ دار اداروں اور اب تک ہونے والی پیش رفت سے متعلق جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب ممکنہ صورتِ حال کے پیش نظر ہری پور، صوابی اور نوشہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ متعلقہ حکام کو شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے اور ضروری احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

واقعے کی تحقیقات اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لینے کے لیے چیئرمین واپڈا محمد سعید ٹی فائیو (T-5) توسیعی منصوبے کا دورہ کر رہے ہیں، جہاں وہ تعمیراتی مقام پر جاری تحقیقات اور پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔

واضح رہے کہ تربیلا ڈیم کا پانچواں توسیعی منصوبہ 2028 میں مکمل ہونا تھا، تاہم حادثے کے بعد منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیاں غیر معینہ مدت کے لیے روک دی گئی ہیں۔

Leave a reply