ٹک ٹاکر مسٹر پتلو گرفتار، بھگدڑ میں جاں بحق نوجوان کے اہلخانہ کو دھمکیاں دینے کا الزام

0
27
ٹک ٹاکر مسٹر پتلو گرفتار، بھگدڑ میں جاں بحق نوجوان کے اہلخانہ کو دھمکیاں دینے کا الزام

سیالکوٹ: مہندی کی تقریب میں بھگدڑ کے نتیجے میں 2افراد کی ہلاکت کے واقعے کے بعد ٹک ٹاکرمسٹر پتلو کو ایک نئے مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مسٹر پتلو پر الزام ہے کہ انہوں نے ساتھیوں کے ہمراہ بھگدڑ میں جاں بحق ہونے والے نوجوان کے اہلخانہ کو مبینہ طور پر دھمکیاں دیں اور مقدمے میں صلح کرنے کے لیے دباؤ ڈالا۔

ڈی پی او سیالکوٹ دوست محمد کے مطابق ملزم کو تھانہ صدر ڈسکہ میں درج مقدمے کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔ انہیں 10 نومبر کو مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

پولیس کو دی گئی درخواست میں مقتول محمد ریحان کے بہنوئی ابوبکر نے مؤقف اختیار کیا کہ 6 نومبر کو چار مسلح افراد ان کے گھر آئے اور اہلخانہ کو مقدمے میں صلح کرنے اور ملزمان کے حق میں بیان دینے پر مجبور کیا۔ درخواست گزار کے مطابق انکار پر خاندان کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔

درخواست میں انصر جٹ المعروف مسٹر پتلو اور ان کے بھائی کا نام بھی شامل کیا گیا، جس پر پولیس نے الگ مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی۔

بھگدڑ کا واقعہ کیسے پیش آیا؟

یاد رہے کہ 30 اکتوبر کو ڈسکہ روڈ پر واقع فراز کرکٹ گراؤنڈ میں مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب اور انعامات کی تقسیم کے لیے پروگرام منعقد کیا گیا تھا۔

تقریب میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ گراؤنڈ کے دروازے کھلنے پر ہجوم نے بیک وقت اندر داخل ہونے کی کوشش کی، جس سے بھگدڑ مچ گئی۔ اس دوران متعدد افراد گر کر ہجوم کے نیچے دب گئے۔

واقعے میں ابتدا میں ایک شخص کی موت کی اطلاع ملی، تاہم بعد ازاں زخمی محمد ریحان بھی دوران علاج دم توڑ گیا۔ یوں حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد دو ہوگئی، جبکہ مختلف اطلاعات کے مطابق 17 سے 18 افراد زخمی ہوئے۔

واقعے کے بعد پولیس نے مسٹر پتلو، ان کے بھائی، گراؤنڈ انتظامیہ اور سکیورٹی عملے سمیت 50 سے زائد افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا اور ابتدائی کارروائی میں چھ افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔

پہلے مقدمے میں حفاظتی ضمانت حاصل کر رکھی تھی

بھگدڑ کے واقعے سے متعلق پہلے مقدمے میں گرفتاری سے بچنے کے لیے مسٹر پتلو نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ عدالت نے 3 نومبر کو ان کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 10 نومبر تک متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔

بعد ازاں مسٹر پتلو نے ایک ویڈیو بیان میں واقعے کو حادثہ قرار دیتے ہوئے اپنی بے گناہی کا مؤقف اختیار کیا تھا اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار افسوس بھی کیا تھا۔

اب ان کی گرفتاری کے بعد بھگدڑ کے واقعے اور متاثرہ خاندان کو مبینہ دھمکیاں دینے سے متعلق دونوں مقدمات میں قانونی کارروائی آگے بڑھنے کا امکان ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نئے مقدمے کی تفتیش میرٹ پر کی جائے گی اور الزامات کا فیصلہ شواہد اور قانونی کارروائی کی روشنی میں ہوگا۔

Leave a reply