
برطانوی سائنسدانوں نے دانتوں کی خرابی اور کیویٹیز کے علاج کے لیے ایک نئی جیل تیار کی ہے، جس کے ذریعے متاثرہ دانتوں کی بیرونی سطح کو دوبارہ بحال کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ اس پیش رفت سے مستقبل میں دانتوں کی روایتی فلنگ کی ضرورت کم ہونے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔
دانتوں میں کیویٹیز ایک عام مسئلہ ہے، جس کے علاج کے لیے عموماً متاثرہ حصے کو صاف کرکے خالی جگہ مخصوص مواد سے بھر دی جاتی ہے۔ تاہم اس طریقہ علاج میں بعض اوقات دانتوں کے صحت مند حصے بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق نئی جیل امیلوجینن (Amelogenin) نامی پروٹین پر مبنی ہے، جو قدرتی طور پر بچوں کے دانتوں کی بیرونی حفاظتی تہہ کی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
سائنسی جریدے نیچر کمیونیکیشنز میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ یہ جیل دانتوں کی سطح پر ایک باریک اور مضبوط تہہ بناتی ہے، جو کئی ہفتوں تک برقرار رہ سکتی ہے۔
یہ تہہ کیلشیئم اور فاسفورس جیسے معدنی اجزا کی مدد سے دانتوں کی سطح پر نئے کرسٹلز کی تشکیل کو متحرک کرتی ہے، جس سے متاثرہ حصے کی بحالی میں مدد ملتی ہے۔
محققین کے مطابق دانتوں کی بیرونی تہہ قدرتی طور پر دوبارہ نہیں بنتی، اسی لیے اس کے نقصان کی صورت میں روایتی طور پر فلنگ کی ضرورت پیش آتی ہے۔ نئی جیل اس مسئلے کے علاج کے لیے ایک متبادل طریقہ فراہم کر سکتی ہے۔
تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جیل کے اثرات کتنے عرصے تک برقرار رہیں گے، اس کا انحصار افراد کی روزمرہ عادات پر بھی ہو سکتا ہے۔
تاہم اس نئی ٹیکنالوجی کی افادیت، مختلف نوعیت کی کیویٹیز میں اس کے استعمال اور عام صارفین کے لیے اس پر مبنی مصنوعات کی دستیابی کے حوالے سے مزید تحقیق اور آزمائشوں کی ضرورت ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر یہ طریقہ علاج کامیاب ثابت ہوتا ہے تو مستقبل میں دانتوں کی خرابی کے علاج میں نمایاں تبدیلی آسکتی ہے۔








