
گوگل اپنے مقبول ویب براؤزر کروم کو مزید آسان اور صارف دوست بنانے کے لیے ایک نئے فیچر کی آزمائش کر رہا ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنے کھلے ہوئے ٹیبز کو عمودی انداز میں دیکھ سکیں گے۔
عام طور پر کروم میں تمام کھلی ہوئی ویب سائٹس اوپر ایک افقی بار میں دکھائی دیتی ہیں، تاہم زیادہ تعداد میں ٹیبز کھولنے کی صورت میں انہیں تلاش کرنا اور ایک سے دوسرے ویب پیج پر جانا مشکل ہو جاتا ہے۔
اس مسئلے کے حل کے لیے گوگل ورٹیکل ٹیبز کا فیچر متعارف کرانے پر کام کر رہا ہے۔ اس سہولت کے تحت کھلے ہوئے تمام ٹیبز اسکرین کے سائیڈ پر ایک فہرست کی شکل میں نظر آئیں گے، جہاں سے صارفین باآسانی مطلوبہ ویب پیج تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
رپورٹس کے مطابق گوگل اس فیچر کے ساتھ اسکرول ایبل ٹیب بار کی سہولت بھی آزما رہا ہے، جس سے بڑی تعداد میں کھلی ویب سائٹس کے درمیان نیویگیشن مزید آسان ہو جائے گی۔
اس نئے فیچر کا مقصد بالخصوص ان صارفین کو سہولت فراہم کرنا ہے جو بیک وقت متعدد ویب سائٹس پر کام کرتے ہیں یا درجنوں ٹیبز کھول کر رکھتے ہیں۔
فی الحال ورٹیکل ٹیبز کی سہولت تمام کروم صارفین کے لیے دستیاب نہیں، تاہم آزمائشی ورژن کروم کینری کے ذریعے اس تک رسائی ممکن ہو سکتی ہے۔
نئے فیچر کی باضابطہ اور مکمل دستیابی سے صارفین کے لیے براؤزنگ کا تجربہ مزید منظم اور آسان ہونے کی توقع ہے۔









