
اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا اہم دور آج ہوگا، جس میں پیٹرولیم لیوی کے خاتمے سمیت مختلف تجاویز پر حتمی اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق دونوں فریقین کی مذاکراتی کمیٹیاں آج ہونے والے اجلاس میں مجوزہ معاہدے کا حتمی مسودہ تیار کریں گی، جسے منظوری کے لیے حکومت اور جماعت اسلامی کی اعلیٰ قیادت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
اجلاس میں جماعت اسلامی کی نمائندگی نصر اللہ رندھاوا اور سید فراست شاہ کریں گے، جبکہ حکومتی کمیٹی کی سربراہی وفاقی وزرا احسن اقبال اور رانا ثنا اللہ کریں گے۔ متعلقہ سرکاری حکام بھی مذاکرات میں شریک ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کو مرحلہ وار ختم کرنے کے اصولی مؤقف پر آمادگی ظاہر کر چکی ہے۔ مذاکرات میں لیوی میں کمی، چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو ریلیف اور زرعی شعبے کے لیے خصوصی اقدامات زیر غور آئیں گے۔
مجوزہ تجاویز کے تحت 800 سی سی اور 1000 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو ریلیف دینے پر بھی بات چیت متوقع ہے، جبکہ زرعی شعبے کے لیے ممکنہ سہولتوں اور ان پر عمل درآمد کے طریقہ کار کا تعین بھی کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات میں مختلف تجاویز کے قانونی اور تکنیکی پہلوؤں کے ساتھ ان پر عمل درآمد کے لیے ٹائم لائن بھی طے کیے جانے کا امکان ہے۔ حتمی معاہدے پر عمل درآمد کا فیصلہ دونوں جانب کی قیادت کی منظوری سے مشروط ہوگا۔









