
موبائل فون بنانے والی کمپنی ایچ ایم ڈی (HMD) نے فلپائن میں نیا فیچر فون نوکیا 2360 فلپ متعارف کرا دیا ہے، جسے بالخصوص بزرگ شہریوں اور اسکول جانے والے بچوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
کلیم شیل ڈیزائن کے حامل اس فون میں 2.8 انچ کی اندرونی اور 1.77 انچ کی بیرونی ڈسپلے اسکرین دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ فون میں 1450 ایم اے ایچ کی تبدیل ہونے والی بیٹری، کیو وی جی اے کیمرا، 3.5 ملی میٹر ہیڈ فون جیک، ایف ایم ریڈیو اور لاؤڈ اسپیکر بھی شامل ہیں۔ ڈیوائس کی اندرونی اسٹوریج 4 ایم بی ہے۔
نوکیا 2360 فلپ کا ایک اہم فیچر فیملی اسسٹ ہے، جس کے ذریعے خاندان کے نامزد افراد دور رہتے ہوئے بھی فون کے کانٹیکٹس میں تبدیلی، آواز کی سطح کو کنٹرول اور روزمرہ کے لیے یاد دہانیاں ترتیب دے سکتے ہیں۔
صارفین کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے فون میں ایس او ایس بٹن بھی شامل کیا گیا ہے۔ اسے دبانے پر پہلے سے مقرر کردہ ہنگامی رابطے پر خودکار کال کی جا سکتی ہے، جبکہ پانچ محفوظ شدہ نمبروں پر ہنگامی پیغام بھی بھیجا جا سکتا ہے۔
تاہم اس فون میں جدید نیٹ ورک ٹیکنالوجی کی سہولت موجود نہیں اور یہ صرف ٹو جی نیٹ ورک کو سپورٹ کرتا ہے۔ اس میں فور جی اور فائیو جی کنیکٹیویٹی شامل نہیں کی گئی۔
کمپنی کا یہ نیا فیچر فون ان افراد کے لیے ایک سادہ متبادل بن سکتا ہے جو اسمارٹ فون کے پیچیدہ فیچرز کے بجائے بنیادی رابطے، آسان استعمال اور ہنگامی سہولیات کو ترجیح دیتے ہیں۔









