اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس، شہباز شریف اور فیلڈ مارشل ایک میز پر، کیا اہم فیصلے ہونے جا رہے ہیں؟

0
22
اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس، شہباز شریف اور فیلڈ مارشل ایک میز پر، کیا اہم فیصلے ہونے جا رہے ہیں؟

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں خیبر پختونخوا کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور گورنر خیبر پختونخوا سمیت دیگر اہم حکام شریک ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت جناح میڈیکل اینڈ ریسرچ سینٹر اسلام آباد کے تعمیراتی منصوبے سے متعلق بھی جائزہ اجلاس ہوا، جس میں منصوبے پر جاری کام اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے منصوبے پر اب تک ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تعمیراتی اہداف مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں اور تمام بھرتیاں میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس میں کم آمدن اور متوسط طبقے کو جدید طبی تشخیص اور علاج کی سہولیات فراہم کرنا ترجیح ہونی چاہیے۔ وزیراعظم نے پی ای ٹی اسکین سمیت جدید تشخیصی سہولیات کو منصوبے کا لازمی حصہ بنانے اور بہترین طبی خدمات کے لیے نجی شعبے کی معاونت حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ جناح میڈیکل اینڈ ریسرچ سینٹر کا تقریباً 59 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ مرکزی اسپتال اور پارکنگ پلازہ کا بنیادی ڈھانچہ تیار ہے۔ 403 بستروں پر مشتمل اس اسپتال کو 23 مارچ 2027 تک فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

بریفنگ کے مطابق طبی آلات کی تنصیب، ان کی دیکھ بھال، ڈیجیٹل ہسپتال مینجمنٹ سسٹم اور انتظامی امور پر کام جاری ہے۔ اس کے علاوہ ایچ الیون میں منصوبے کے دوسرے مرحلے کے لیے نظرثانی شدہ ڈیزائن کے تحت قومی سطح پر مسابقتی بولی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ تعمیراتی سرگرمیاں بھی جلد شروع کیے جانے کا امکان ہے۔

منصوبے کے لیے جدید تشخیصی مشینری اور اسکینرز کی خریداری پر بھی پیش رفت جاری ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، سید مصطفیٰ کمال، طارق فضل چوہدری اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

Leave a reply