مریم نواز کا چوہدری سالک کو ہرجانے کا نوٹس بھجوانے کا اعلان

0
23
مریم نواز کا چوہدری سالک کو ہرجانے کا نوٹس بھجوانے کا اعلان

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کو الزامات کے معاملے پر قانونی نوٹس بھجوانے کا اعلان کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے دعوؤں کے حق میں شواہد پیش کریں۔

اٹک میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگر چوہدری سالک حسین کے پاس الزامات کے ثبوت موجود ہیں تو انہیں منظرعام پر لایا جائے، بصورت دیگر انہیں عدالت میں جواب دینا ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وفاقی وزیر ہونے کے ناطے چوہدری سالک حسین کو بغیر ثبوت الزامات عائد نہیں کرنے چاہئیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس معاملے پر ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوائیں گی۔

مریم نواز نے اپنے خطاب میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے دورِ حکومت پر بھی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بارش کے دوران گجرات کے دورے پر انہیں شدید پانی جمع ہونے کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت کو کرپٹ قرار دیا جا رہا ہے تو پھر وفاقی وزیر کو حکومتی عہدے پر رہنے کے بجائے اپنے مؤقف کی وضاحت کرنی چاہیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبے میں سرکاری افسران کی تعیناتیاں میرٹ کی بنیاد پر کی جاتی ہیں اور وہ کسی کی سفارش قبول نہیں کرتیں۔ ان کے مطابق سفارش کی بنیاد پر تقرریاں نظام اور عوامی مفاد کو نقصان پہنچاتی ہیں۔

Leave a reply