
سیالکوٹ: سوشل میڈیا ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب کے دوران سیالکوٹ اسپورٹس اسٹیڈیم میں بھگدڑ مچنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 13 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق تقریب کے دوران ایک انعامی سرگرمی کے موقع پر اسٹیڈیم کے داخلی دروازے مقررہ وقت سے قبل کھول دیے گئے، جس کے بعد وہاں موجود افراد میں اچانک افراتفری پھیل گئی اور بھگدڑ مچ گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق واقعے میں زخمی ہونے والے 13 افراد کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں شامل 30 سالہ عقیل دورانِ منتقلی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس نے بھگدڑ کے حوالے سے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مقدمے میں ٹک ٹاکر مسٹر پتلو سمیت 9 افراد کو نامزد کیا گیا ہے، جبکہ 40 سے 45 نامعلوم افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے میں مبینہ طور پر ملوث 6 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔









