
اوپن اے آئی نے اپنے مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی میں ایک نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے جس کے ذریعے صارفین مختلف کاموں کو پہلے سے شیڈول کر سکیں گے۔
کمپنی نے اس فیچر کو “شیڈولڈ” کا نام دیا ہے اور اسے چیٹ جی پی ٹی کے سائیڈ بار میں ایک علیحدہ سیکشن کی صورت میں شامل کیا گیا ہے۔ اس سیکشن کے ذریعے صارفین ان تمام ٹاسکس کو دیکھ سکیں گے جو انہوں نے مستقبل میں مکمل کرنے کے لیے چیٹ جی پی ٹی کو تفویض کیے ہوں۔
صارفین اپنے طے شدہ کاموں میں تبدیلی، انہیں حذف کرنے یا عارضی طور پر روکنے کی سہولت بھی حاصل کر سکیں گے۔ اوپن اے آئی کے مطابق شیڈول کیے گئے ٹاسکس زیادہ تیزی اور بہتر اعتبار کے ساتھ مکمل کیے جائیں گے۔
اس نئی سہولت کی مدد سے صارفین چیٹ جی پی ٹی کو مخصوص تاریخ یا وقت پر کوئی کام انجام دینے کی ہدایت دے سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف معلومات یا سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے بھی اس فیچر کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔
فی الحال یہ سہولت صرف ان صارفین کے لیے فراہم کی جا رہی ہے جو چیٹ جی پی ٹی کی بامعاوضہ سروس استعمال کرتے ہیں۔ کمپنی نے ابھی یہ واضح نہیں کیا کہ مستقبل میں مفت صارفین کو بھی اس فیچر تک رسائی دی جائے گی یا نہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ فیچر چیٹ جی پی ٹی کو ایک زیادہ کارآمد ذاتی معاون بنانے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہو سکتا ہے۔








