واٹس ایپ گروپ چیٹس کے لیے چار نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان

0
38
واٹس ایپ گروپ چیٹس کے لیے چار نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) واٹس ایپ نے گروپ چیٹس کے تجربے کو مزید بہتر اور آسان بنانے کے لیے چار نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جن کی بدولت صارفین کو اہم پیغامات تک رسائی، نئی ممبرشپ اور گروپ اپ ڈیٹس سے متعلق سہولتیں حاصل ہوں گی۔

میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ کے مطابق نئے فیچرز آئندہ چند ہفتوں کے دوران دنیا بھر کے صارفین کے لیے مرحلہ وار جاری کیے جائیں گے۔

1۔ اہم پیغامات مستقل پن کرنے کی سہولت

نئے اپ ڈیٹ کے تحت گروپ ایڈمنز اور ممبرز کو اہم پیغامات پن کرنے میں مزید سہولت ملے گی۔ اب صارفین کسی پیغام کو بغیر کسی میعاد کے پن کر سکیں گے، جس سے ضروری معلومات طویل عرصے تک گروپ میں نمایاں رہیں گی۔

2۔ نئے ممبرز کے ساتھ چیٹ ہسٹری شیئر کرنے کا آپشن

واٹس ایپ ایک ایسا فیچر بھی متعارف کرا رہا ہے جس کے ذریعے گروپ کے موجودہ ممبرز حالیہ گفتگو نئے شامل ہونے والے افراد کے ساتھ شیئر کر سکیں گے۔ یہ سہولت اختیاری ہوگی اور شیئر کیے گئے پیغامات کو بھی اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ حاصل رہے گا۔

3۔ گروپ اسٹیٹس کی نئی سہولت

صارفین اب مخصوص گروپ میں تصاویر اور دیگر اپ ڈیٹس کو اسٹیٹس کی صورت میں شیئر کر سکیں گے۔ گروپ کے دیگر افراد ان اپ ڈیٹس پر ردعمل بھی دے سکیں گے۔ یہ اسٹیٹس صرف متعلقہ گروپ کے ممبرز کو دکھائی دے گا اور 24 گھنٹے بعد خود بخود ختم ہو جائے گا۔

4۔ غیر پڑھے گئے اہم پیغامات کا نیا فلٹر

گروپ چیٹس کو منظم بنانے کے لیے واٹس ایپ ایک نیا فلٹر بھی شامل کر رہا ہے۔ اس کی مدد سے صارفین ایسے غیر پڑھے گئے پیغامات باآسانی تلاش کر سکیں گے جن میں انہیں مینشن کیا گیا ہو یا جن کے ذریعے ان کے پیغام کا براہ راست جواب دیا گیا ہو۔

یہ سہولت بالخصوص ان افراد کے لیے مفید ثابت ہوگی جو متعدد گروپس کا حصہ ہیں اور مصروفیت کے باعث تمام پیغامات باقاعدگی سے نہیں پڑھ پاتے۔

واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ ان نئے فیچرز کا مقصد گروپ چیٹس کو زیادہ مؤثر، منظم اور صارفین کے لیے آسان بنانا ہے۔

Leave a reply