
کراچی: معروف پاکستانی گلوکارہ حمیرا چنا کی گاڑی کراچی کے علاقے بہادر آباد سے چوری ہوگئی۔ واقعے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گاڑی چوری کا واقعہ گزشتہ روز بہادر آباد میں چار مینار چورنگی کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد گلوکارہ کی گاڑی لے کر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ نیو ٹاؤن تھانے میں درج کرلیا گیا ہے، جبکہ گاڑی کی تلاش اور ملزمان کی شناخت کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ایس ایس پی اے سی ایل سی اور ایس ایس پی ایسٹ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزیر داخلہ سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ چوری شدہ گاڑی کی جلد از جلد برآمدگی اور واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔









