قطر کی اسرائیلی انتخابات میں مداخلت اور فنڈنگ کے الزامات مسترد

0
27
قطر کی اسرائیلی انتخابات میں مداخلت اور فنڈنگ کے الزامات مسترد

قطر نے اسرائیلی انتخابات میں مداخلت اور عرب سیاسی جماعتوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کے الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں کہا کہ قطر کے خلاف یہ الزامات بعض اسرائیلی سیاست دانوں اور ان کے حامی میڈیا حلقوں کی جانب سے پھیلائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایسی مہمات قطر کی علاقائی ثالثی، سفارتی کوششوں اور انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں کو متاثر نہیں کر سکتیں۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے سیاسی اتحاد نے عرب جماعتوں کو مبینہ قطری فنڈنگ ملنے کے دعوے اٹھائے ہیں، جس کے بعد اسرائیل میں سیاسی تنازع شدت اختیار کر گیا ہے۔

اسرائیلی وزیر قومی سلامتی اتمار بن گویر نے مبینہ فنڈنگ کی تحقیقات اور قانونی جواز ہونے کی صورت میں عرب رہنماؤں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیر خزانہ بیزلیل اسموتریچ نے بھی عرب جماعتوں کے رہنماؤں سے پوچھ گچھ پر زور دیا ہے۔

حکمران جماعت لیکود نے اس معاملے کو ’’رام گیٹ اسکینڈل‘‘ کا نام دیتے ہوئے انتخابی عمل متاثر ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔

ادھر مرکزی الیکشن کمیٹی نے غیر ملکی فنڈنگ کے شبہے پر داخلی سلامتی کے ادارے شن بیت کو تحقیقات کی ہدایت دی ہے، تاہم پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے دھاندلی کے دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

ابھی تک الزامات کی حمایت میں کوئی ٹھوس ثبوت سامنے نہیں آیا، جبکہ قطر نے انہیں سیاسی مہم قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔

Leave a reply