پاکستان میں ایل پی جی کی سپلائی بہتر ہونے لگی، قیمتوں میں 70 روپے فی کلو تک کمی کی توقع

0
19
پاکستان میں ایل پی جی کی سپلائی بہتر ہونے لگی، قیمتوں میں 70 روپے فی کلو تک کمی کی توقع

اسلام آباد: پاکستان میں ایل پی جی کی قلت دور ہونے اور قیمتوں میں کمی کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔ پاک ایران سرحد پر پھنسے گیس بردار باؤزرز کی کلیئرنس اور پورٹ قاسم پر ایل پی جی کے بحری جہازوں کی آمد سے مارکیٹ میں سپلائی بہتر ہونے کی توقع ہے۔

ذرائع کے مطابق گبد ریمدان بارڈر سے ایل پی جی کے 200 سے زائد باؤزرز کو کلیئر کیا جا رہا ہے، جن کے ذریعے تقریباً 3 سے 4 ہزار میٹرک ٹن گیس مارکیٹ میں پہنچنے کا امکان ہے۔ سپلائی میں اضافے کے بعد فی کلو ایل پی جی کی قیمت میں 50 سے 70 روپے تک کمی متوقع ہے۔

دوسری جانب پورٹ قاسم پر 4 ہزار 520 میٹرک ٹن ایل پی جی لے جانے والا بحری جہاز پہنچ چکا ہے، جبکہ مزید 3 ہزار 83 میٹرک ٹن گیس کی ترسیل کے لیے ایک اور جہاز روانہ ہو گیا ہے۔

واضح رہے کہ ایران سے درآمدات متاثر ہونے کے باعث ملک میں ایل پی جی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا تھا۔ مختلف شہروں میں گیس 550 سے 610 روپے فی کلو تک فروخت ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جبکہ گھریلو سلنڈر کی قیمت بھی کئی ہزار روپے بڑھ گئی تھی۔

ایل پی جی ڈیلرز کے مطابق سرحدی اور بحری راستوں سے سپلائی مسلسل برقرار رہی تو قیمتوں میں کمی ممکن ہے۔ تاہم صارفین کو حقیقی ریلیف کتنا ملے گا، اس کا انحصار آئندہ دنوں میں طلب، رسد اور مارکیٹ کی قیمتوں پر ہوگا۔

Leave a reply